پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر
2 اپریل 2014ویسٹ انڈیز اب تین اپریل کو سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گا جب کہ چار اپریل کو دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور جنوبی افریقہ مد مقابل ہوں گے۔ میر پور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ’گروپ ٹو‘ کے اس آخری میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ اس ہدف کے تعاقب پاکستان کی پوری ٹیم 17.5اوورز میں 82 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑٰوں کی آل راؤنڈ پرفارمنس کے سامنے پاکستانی ٹیم کی ایک نہ چلی اور وہ کھیل کے تمام شعبوں میں سطحی کارکردگی ہی پیش کر سکی۔
اگرچہ ٹی ٹوئنٹی کے کپتان محمد حفیظ نے تیسرے اوور میں ہی کرس گیل کو آؤٹ کر دیا اور ڈیون سمتھ بھی سہیل تنویر کے ہاتھوں چوتھے اوور میں کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے لیکن پھر بھی ہر نئے آنے والے بیٹسمین نے جارحانہ کھیل جاری رکھا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے نمایاں اننگز ڈیون براوَو کی رہی، جنہوں نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے صرف 26 گیندوں پر چھیالیس رنز بنائے۔ کپتان ڈیرن سامی نے بھی آخری اوورز میں اپنے روایتی انداز میں دھواں دھار بلے بازی کی اور دو چھکے اور پانچ چوکے لگا کر بیس گیندوں پر بیالیس رنز بنا ڈالے۔ یوں سامی اور براوَو نے آخری تین اوورز میں انسٹھ رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے نمایاں بولر شاہد آفریدی رہے، جنہوں نے چار اوورز میں تئیس رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اسی طرح محمد حفیظ، سہیل تنویر، ذوالفقار بابر نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے جب 167 رنز کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز احمد شہزاد اور کامران اکمل کھاتے کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ اسی طرح دیگر کھلاڑی بھی سموئیل بدری اور سنیل نارائن کے اسپن کے آگے بے بس نظر آئے اور ایک ایک کر کے سبھی آؤٹ ہوتے گئے۔ پاکستانی سابق ٹیسٹ کھلاڑی اور مایہ ناز آف بریک اسپنر ثقلین مشتاق کی کوچنگ رنگ لائی اور بدری اور نارائن نے مجموعی طور پر تین تین وکٹیں گرائیں۔ یوں پاکستان کی تمام ٹیم بیاسی کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔
تین اپریل کو ویسٹ انڈیز اب گروپ ون کے پہلے نمبر پر آنے والی سری لنکا کی ٹیم کے مد مقابل آئے گی جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے ٹورنامنٹ کی چیمپئن بھارتی ٹیم گروپ ٹو کے دوسرے نمبر کی ٹیم یعنی جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل چھ اپریل کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔