1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
دہشت گردیپاکستان

پاکستان: شدت پسندوں کے حملے میں گیارہ سکیورٹی اہلکار ہلاک

جاوید اختر روئٹرز کے ساتھ
8 اکتوبر 2025

بدھ کے روز شدت پسندوں نے افغان سرحد کے قریب ایک پاکستانی فوجی قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں نو نیم فوجی اہلکار اور دو افسر ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

پاکستانی پولیس کے اہلکار چیک پوسٹ پر پہرہ دے رہے ہیں
کارروائی کے دوران 11 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے، جن میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک میجر بھی شامل ہیںتصویر: Saood Rehman/picture alliance/dpa/EPA

پاکستانی سکیورٹی حکام نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ واقعہ شمال مغربی ضلع کرم میں پیش آیا۔ شدت پسندوں نے افغان سرحد کے قریب ایک پاکستانی فوجی قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سڑک کے کنارے نصب بموں سے دھماکے کیے گئے اور پھر قافلے پر فائرنگ کی گئی۔

ایک بیان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے تصدیق کی کہ ان کے جنگجوؤں نے قافلے پر حملہ کیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بدھ کو بتایا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائی کے دوران 11 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے، جن میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک میجر بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، سات اور 8 اکتوبر کی شب سکیورٹی فورسز نے اورکزئی ضلع میں ایک کارروائی کی، ''جہاں بھارتی پراکسی 'فتنہ الخوارج' سے تعلق رکھنے والے شر پسندوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ آپریشن کے دوران 11 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران 19 شدت پسند بھی مارے گئے۔

گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان میں دہشت گرد حملوں اور فوجی آپریشنز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس میں 900 سے زائد افراد ہلاک ہوئےتصویر: AFP/Getty Images

دہشت گردوں کے حملوں میں تیزی

حالیہ مہینوں میں تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے، پاکستانی سکیورٹی فورسز پر حملے تیز کر دیے ہیں۔

اسلام آباد کا کہنا ہے کہ یہ شدت پسند، افغانستان میں تربیت اور حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، لیکن کابل اس الزام کی تردید کرتا ہے۔

اسلام آباد کے تھنک ٹینک سینٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کی پیر کو جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان میں دہشت گرد حملوں اور فوجی آپریشنز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس میں 900 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کم از کم 901 افراد ہلاک اور 599 زخمی ہوئے، یہ واقعات 329 پرتشدد کارروائیوں میں پیش آئے، جن میں شدت پسندوں کے حملے اور پاکستانی فوج کی کارروائیاں شامل ہیں۔ یہ تعداد پچھلے تین ماہ کے مقابلے میں 46 فیصد سے زائد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سال اب تک پاکستان میں 2,414 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں، جو گزشتہ سال کی کل ہلاکتوں (2,546) کے قریب ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی 2025 کے تین ماہ باقی ہیں، اور اگر یہ رجحان جاری رہا تو یہ دہائی کے سب سے خونریز سالوں میں شمار ہو گا۔

ادارت: رابعہ بگٹی

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں