پاکستان پر نگاہ رکھنے کے لیے بھارت کی ڈرونزکی ہنگامی خریداری
26 اکتوبر 2022
بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق بھارتی آرمی کی جانب سے ڈرونز کی اس ہنگامی خریداری کو دشمنوں پر حملہ کرنے کے لیے اپنی اسپیشل فورسزکی قوت کو مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ ڈرونز فاسٹ ٹریک خریداری کے ضابطوں کے تحت خریدے جا رہے ہیں۔
بھارتی فوج کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا تھا کہ "بھارتی فوج نے بھارتی حکومت کی جانب سے دفاعی افواج کو دیے گئے فاسٹ ٹریک خریداری کے اختیارات کے تحت 750 ڈرونز خریدنے کے لیے ٹینڈر جاری کیے ہیں۔" یہ ٹینڈر 25 اکتوبر کو جاری کیے گئے۔
پاکستانی حدود میں میزائل گرنے کے دعویٰ پر بھارت کی خاموشی
پاکستان بھارتی میزائل پر جوابی کارروائی کرنے ہی والا تھا، لیکن پھر
جن 750 ڈرونز کو ہنگامی طور پر خریدا جا رہا ہے، انہیں آرمی کے پیراشوٹ (اسپیشل فورسز) بٹالین کے حوالے کیا جائے گا۔ اس بٹالین کو دشمن کی لائن کے خلاف خصوصی مشن انجام دینے کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ لہذا اسے جدید ترین آلات سے لیس کیا جا رہا ہے۔
بھارتی فوج کے اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ جس 'ریموٹلی پائلٹیڈ ایریئل وہیکل' (آر پی اے وی) ڈرونز کی خریداری کے ٹینڈرجاری کیے گئے ہیں وہ ایک جدید ترین آلہ ہے جو دن رات ہرطرح کے حالات میں ہر وقت کام کر سکتا ہے اور اپنے ہدف کا پتہ لگا سکتا ہے۔
بھارتی فوج اس آر پی اے وی ڈورنز کے ذریعہ حاصل شدہ تھری ڈی امیج کا اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے خصوصی مشن میں استعمال کر سکتی ہے۔
بھارتی فوجی عہدیدار کا کہنا تھا، "یہ آلہ موقع کی مناسبت سے معلومات حاصل کرنے، مختصر دوری کی نگرانی، ہدف والے علاقے کو اسکیننگ کرنے اور ہدف کا 3ڈی امیج حاصل کرنے کے استعمال کیا جائے گا تاکہ اس کی مدد سے اہداف والے علاقے میں داخل ہونے سے قبل منصوبہ بندی کی جاسکے۔"
ڈرونز کی خریداری کا مقصد پاکستانی اہداف کو ہدف نشانہ بنانا
بھارتی میڈیا نے بھارتی فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان جدید ترین ڈرونز کی خریداری کا مقصد بظاہر سرحد پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنا اور ان کا مقابلہ کرنا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت ہوئی ہے جب بین الاقوامی سرحد پر حالیہ دنوں میں متعدد پاکستانی ڈرونز دیکھے گئے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق بھارتی فوج نے اب تک جن 23 پاکستانی ڈرونز کو مار گرایا ہے ان میں 13 صرف اس برس مار گرائے گئے۔
ماہرین کے مطابق آر پی اے وی ڈرونز 15 کلومیٹر کے دائرے میں اپنا مشن انجام دے سکتے ہیں۔ اور اگر ان کی کارکردگی اچھی پائی گئی تو مزید بڑی تعداد میں ان کی خریداری کے آرڈر دیے جائیں گے۔
بھارت: جوہری آبدوز سے بیلسٹک میزائل داغنے والا چھٹا ملک
فنڈ کی کمی کے سبب بھارتی بحریہ کا توسیعی منصوبہ متاثر
دفاعی امور کے ماہر ریٹائرڈ لفٹننٹ جنرل وی کے چترویدی کا کہنا تھا کہ "ڈرونز، ہتھیاروں کے نظام اور چوکسی یا انٹلیجنس کے حصول، دونوں لحاظ سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ وہ بہت سارے کام انجام دے سکتے ہیں اور یہ جنگ کا مستقبل ہیں۔ ڈرونز کسی ہدف کو اچوک نشانہ بنانے اور خفیہ معلومات اکٹھا کرنے میں انتہائی موثر رول ادا کرتے ہیں۔"