1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
دہشت گردیپاکستان

بلوچستان: پنجگور میں ایک اور حملے میں پانچ افراد ہلاک

30 اکتوبر 2024

پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں ایک ڈیم کی تعمیراتی سائٹ پر مسلح افراد کے حملے میں پانچ نجی محافظ ہلاک ہو گئے۔ علیحدگی پسند عسکری گروہ بلوچ لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

بلوچستان میں تشدد کی علامتی تصویر
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے نجی محافظوں کو ایک ٹھیکیدار نے پنجگور کے علاقے پروم میں ڈیم سائٹ پر سکیورٹی کی ڈیوٹی کے لیے رکھا ہوا تھاتصویر: Banaras Khan/AFP/Getty Images

حکام کے مطابق عسکریت پسندوں نے منگل کے روز مکران ڈویژن کے ضلع پنجگور میں ایک ڈیم کی تعمیراتی سائٹ پر تعینات پانچ نجی سکیورٹی گارڈز کو ہلاک کر دیا۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے پانچوں افراد مقامی تھے۔

بلوچستان کی صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ یہ حملہ منگل کی علی الصبح کیا گیا تھا۔ اس کے بعد دیر رات گئے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

بلوچستان میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے مزدوروں کی کمی

علیحدگی پسند عسکریت پسند گروپ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے صحافیوں کو بھیجی گئی ایک ای میل میں کہا، "ہم پنجگور، کیچ اور کوئٹہ میں سات مخبروں اور آلہ کاروں کے قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔"

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے نجی محافظوں کو ایک ٹھیکیدار نے پنجگور کے علاقے پروم میں ڈیم سائٹ پر سکیورٹی کی ڈیوٹی کے لیے رکھا ہوا تھا۔

ایک سینیئر پولیس اہلکار نے ایک مقامی خبر رساں ادارے ڈان کو بتایا کہ حملہ آور خودکار ہتھیاروں سے لیس تھے، جو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر اس مقام تک پہنچے تھے۔

خیبر پختونخواہ: ایف سی چیک پوسٹ پر حملے میں دس اہلکار ہلاک

پولیس اہلکار کے مطابق، "ایک درجن سے زیادہ مسلح افراد نے ڈیم سائٹ پر حملہ کیا، جہاں متاثرین آلات اور مشینری کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔" انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرین نے مختصر طور پر جوابی فائرنگ بھی کی، تاہم حملہ آوروں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔

اس حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں پنجگور کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں منتقل کیا گیا اور زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

بلوچستان میں کان کنوں پر حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک

ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر علی، امین اللہ، نواز علی، حسین علی شاہ اور عبدالغفور کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں امجد علی اور محمد صفا شامل ہیں۔

علیحدگی پسند عسکریت پسند گروپ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے صحافیوں کو بھیجی گئی ایک ای میل میں پنجگور حملے کی ذمہ داری قبل کی ہےتصویر: JAMAL TARAKAI/picture alliance

سکیورٹی حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

پاکستانی فوج کا چھ بلوچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

تعزیتی پیغامات

صدر آصف علی زرداری،  وزیر اعظم شہباز شریف اور بلوچستان حکومت کے حکام نے اس حملے کی مذمت کی ہے اور عسکریت پسندوں کا احتساب کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے واقعے کو قابل مذمت اور ناقابل معافی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد دشمن عناصر کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جو ترقی اور امن کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد "اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے" اور یہ کہ وہ بزدل تھے جنہوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا۔

وزیر اعلیٰ بگٹی نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کو بخشا نہیں جائے گا، ناحق خونریزی کا حساب لیا جائے گا۔

بلوچستان: علیحدگی پسندوں نے سات مزدوروں کو ہلاک کر دیا

بلوچستان میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال

اس طرح کے مسلسل حملے معدنیات سے مالا مال صوبہ بلوچستان میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورت حال کی نشاندہی کرتے ہیں، جہاں عسکریت پسندوں کے حملوں میں کافی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اس سے قبل اسی ماہ ایک حملے میں نجی طور پر چلائی جانے والی کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے 21 کان کن ہلاک ہو گئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے سبب بلوچستان میں کان کنی کی صنعت بحرانی کیفیت سے دوچار ہوتی جا رہی ہے اور خوف کے سبب علاقے میں کان کنی کے لیے مزدوروں کی بھی کمی ہوتی جا رہی ہے۔

  ماہرین کے مطابق اگر امن کے لیے فوری مناسب اقدامات نہ کیے گئے، تو صوبے میں اس کے دیر رس منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ص ز/ ر ب (روئٹرز)

بلوچستان میں حملوں کے لیے بیرونی طاقتیں فعال ہیں کیا؟

04:14

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں