1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے مختلف حصوں میں دیوالی منائی گئی

جاوید اختر اے پی پی، پاکستانی میڈیا
21 اکتوبر 2025

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے، یہ امن، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے اور یہاں نفرت وانتشار کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعظم ہاؤس سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پیر کو دیوالی منائی گئی۔

لاہور میں ایک ہندو خاتون اپنے گھر میں روشنیوں کے تہوار 'دیوالی' منانے کے لیے ہندو دیویوں کے قریب مٹی کے دیے سجا رہی ہے
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں پاکستان میں اقلیتی برادری اپنی عبادت گاہوں میں کسی خوف اور ڈر کے بغیر اپنی عبادت اور رسومات ادا کرسکتے ہیں، انہیں مذہبی آزادی حاصل ہےتصویر: AP

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کی شب وزیراعظم ہاؤس میں دیوالی کی ایک تقریب سے خطاب میں ملک میں اقلیتوں کے قابل فخر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ''پاکستان امن، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، یہاں نفرت، فتنہ فساد، انتشار اور دہشت گردی کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔‘‘

وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم اور غیر مسلم مل کر پاکستان کے خلاف ہونے والی کسی بھی شر انگیزی اور حملے کا مقابلہ کرتے ہیں اور اقلیتوں کے ساتھ کسی بھی نا انصافی کے قابل افسوس واقعات کو پاکستان کی اکثریت نے کبھی بھی پسند نہیں کیا اور ہمیشہ اس کی مذمت کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔

تقریب میں موجود اقلیتی فرقے کی افراد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم نے کہا، ''آج یہاں اقلیتوں اور اکثریت کے مذہبی، سیاسی نمائندوں کی موجودگی تصور پاکستان کی عملی تصویر ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 11 اگست کی تقریر میں اعلان کیا تھا کہ تمام مذاہب کے ماننے والے پاکستان میں اپنی عبادت گاہوں میں کسی خوف اور ڈر کے بغیر اپنی عبادت اور رسومات ادا کرسکتے ہیں، انہیں مذہبی آزادی حاصل ہے۔‘‘

اپنے پیغامات میں قومی اور صوبائی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنی عبادت اور مذہبی تہوار عزت و وقار کے ساتھ منانے کی مکمل آزادی حاصل ہےتصویر: AKHTAR SOOMRO/REUTERS

ملک میں دیوالی کی تقریبات

روشنیوں کا تہوار دیوالی دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح پاکستان کے مختلف حصوں میں بھی منایا گیا۔ اس موقع پر کراچی، حیدرآباد، عمرکوٹ اور سندھ کے کئی علاقوں میں مندروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا اور عقیدت مندوں نے خوشحالی اور قومی اتحاد کے لیے دعائیں کیں۔

سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے اس موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کی اور امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی قدروں پر زور دیا۔

اپنے پیغامات میں قومی اور صوبائی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنی عبادت اور مذہبی تہوار عزت و وقار کے ساتھ منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

دیوالی کے موقع پر پاکستانی ہندو برادری کی شکایات و توقعات

05:13

This browser does not support the video element.

سیاسی رہنماؤں کے تہنیتی پیغامات

اپنے پیغام میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ دیوالی روشنی کی تاریکی پر اور نیکی کی بدی پر فتح کی علامت ہے، جو ہم سب کو امید، مثبت سوچ اور اتحاد کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مذہب کی مکمل آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیوالی امن، خیرسگالی اور ہم آہنگی کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا اعلان بھی کیا، جن میں "اسپیشل مائنارٹی کارڈ" اور "مائنارٹی ورچوئل پولیس اسٹیشن" شامل ہیں، جو سیف پنجاب وژن کے تحت انصاف تک مؤثر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دیوالی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ روشنی ہمیشہ تاریکی پر غالب آتی ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے اس وژن کی تجدید کی کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہو جہاں تمام مذاہب کے لوگ امن اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزاریں۔
دری‍ں اثنا سندھ حکومت نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا تھا اور گورنر ہاؤس کراچی میں مرکزی دیوالی تقریب منعقد کی گئی۔

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں