1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کا ابابیل میزائل سسٹم کیا ہے؟

19 اکتوبر 2023

ابابیل میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے والا بیلسٹک میزائل ہے جو اسلام آباد اور دہلی کے درمیان دوری کے تین گنا زیادہ فاصلے یعنی 2200 کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے۔ پاکستانی فوج نے بدھ کے روز اس میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا۔

ابابیل میزائل زمین سے زمین پر 2200 کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے
ابابیل میزائل زمین سے زمین پر 2200 کلومیٹر تک مار کرسکتا ہےتصویر: picture alliance/AA/Pakistani Army Handout

پاکستانی فوج کے مطابق "اس میزائل سسٹم کا مقصد خطے میں دفاعی قوت کو مضبوط بنانا اور اسٹریٹیجک استحکام کو بڑھانا ہے"۔پاکستانی فوج نے بتایا کہ اس نے بدھ کے روز ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ابابیل بیلسٹک میزائل کا پہلا کامیاب تجربہ 

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ابابیل میزائل زمین سے زمین پر درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل ہے، جسے پاکستان نے تیار کیا ہے۔ یہ 2200 کلومیٹر کے اہداف تک پہنچ سکتا ہے، جو کہ پاکستان کے حریف بھارت کے دارالحکومت دہلی اور اسلام آباد کے درمیان فاصلے سے تین گنا زیادہ ہے۔

ابابیل میزائل سسٹم کا مقصد کیا ہے؟

آئی پی ایس آر نے کہا کہ اس میزائل سسٹم کا مقصد خطے میں اسٹریٹجک استحکام کو بڑھانا ہے۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق ''میزائل سسٹم کا مقصد قابل اعتبار کم سے کم ڈیٹرنس کی مجموعی تعمیر میں مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کے آپریشنلائزیشن کے ذریعے خطے میں اسٹریٹیجک استحکام کو بڑھانا ہے۔''

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ "اس تجربے کا مقصد مختلف ڈیزائن، تیکنیکی پیرا میٹرز اور ہتھیاروں کے مختلف نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔"

پاکستان کا ایک اور بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

بدھ کے روز میزائل تجربے کی نگرانی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا اور اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن اور اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ کے سینیئر افسران کے ساتھ ساتھ اسٹریٹیجک تنظیموں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کی۔

بھارت پاکستان اور چین کی سرحد پر بیلسٹک میزائل تعینات کرے گا

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکٹر اور سروسز چیفس نے بھی اس کامیابی پر اسٹریٹیجک فورسز کے تمام ارکان کو مبارک باد دی۔

پاکستانی فضائیہ نے جے ایف 17تھنڈر بلاک۔3 لڑاکا طیاروں کی تیاری شروع کرکے ایک اہم سنگ میل کو عبور کرلیا ہےتصویر: Getty Images

دیگر میزائل سسٹم کی تیاری

خیال رہے کہ پاکستان اس سے قبل سن 2021 میں ملک میں ہی تیار کردہ فتح۔1 گائیڈیڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کرچکا ہے۔

یہ راکٹ سسٹم 140کلومیٹر کی دور ی تک ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی فضائیہ نے 30 دسمبر کو جدید ترین جے ایف 17تھنڈر بلاک۔3 لڑاکا طیاروں کی تیاری شروع کرکے ایک اہم سنگ میل کو عبور کرلیا ہے۔ یہ جدید ترین رڈار سسٹم سے لیس ہیں اور بھارت کے رفائل طیاروں کی صلاحیتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

بھارت کی بڑھتی ہوئی عسکری قوت: کیا خطے کے لیے پریشان کن ہے؟

واضح رہے کہ سن 1947میں تقسیم کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں ہوچکی ہیں۔

ج ا/ ص ز (نیوز ایجنسیاں)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں