1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کا شاندار ’کم بیک‘، میزبان کو ہی ہرا دیا

3 جون 2019

عالمی کپ کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم انگلینڈ کو چودہ رنز سے شکست دے کر سب کو حیران کر دیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

UK Cricket ICC Champions Trophy | Pakistan gegen England
تصویر: Reuters/A. Couldrige

عالمی کپ کے سلسلے میں ٹرینٹ برج میں پیر کے دن کھیلے گئے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو ہرا دیا۔ گروپ اسٹیج کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز سے ہزیمت آمیز شکست کے بعد اس میچ میں پاکستانی ٹیم سے کوئی خاص توقعات وابستہ نہیں کی جا رہی تھیں۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے۔ انگلش ٹیم پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز ہی بنا سکی۔ اس شاندار کارکردگی پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے خصوصی مبارکبادی پیغام بھی جاری کیا گیا۔

 پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز محمد حفیظ رہے، جنہوں نے 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیگر نمایاں بلے بازوں میں بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد رہے، جنہوں نے بالترتیب تریسٹھ اور پچپن رنز بنائے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان نے ایک مرتبہ اپنا روایتی کھیل پیش کیا اور انگلش ٹیم کو تمام شعبوں میں مات دی۔

انگلش ٹیم کی طرف سے جو روٹ اور جوس بٹلر نے سنچریاں اسکور کیں لیکن وہ اپنی ٹیم کو جتوانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی انگلش کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ پاکستان کی طرف سے بہترین بولر وہاب ریاض رہے، جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

شاداب خان اور محمد عامر نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی جبکہ محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر محمد حفیظ کو ’مین آف دا میچ‘ قرار دیا گیا۔ پاکستانی ٹیم اس عالمی کپ کے سلسلے میں اپنا اگلا میچ سات جون کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں