پاکستان کا مقامی ساختہ اینٹی شپ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
21 اپریل 2026
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اینٹی شپ کروز میزائل تیمور کا آج منگل 21 اپریل کو کامیاب تجربہ کیا گیا۔ پاکستانی بحریہ کے مطابق اس میزائل کی لائیو فائرنگ کامیابی سے کی گئی۔
یہ اعلان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پاکستانی بحریہ اہم بحری راستوں خصوصاﹰ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی حفاظت کے لیے انہیں بحری اسکواڈ کے ساتھ لے جانے (اسکارٹ کرنے) کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ کروز میزائل غیر معمولی درستی کے ساتھ اپنے ہدف تک پہنچا۔
’’اس تجربے نے پاکستان نیوی کی اس صلاحیت کی توثیق کر دی کہ وہ دور فاصلے سے سمندر میں موجود دشمن کے اہداف کو تلاش کر کے نشانہ بنا سکتی اور انہیں مؤثر طریقے سے تباہ کر سکتی ہے۔‘‘
ملکی سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارک باد
اس بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی بحریہ کی جانب سے یہ مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے اور اس سے پاکستانی مسلح افواج کی روایتی جنگی صلاحیتیں اور مشترکہ حملہ کرنے کی استعداد مزید مضبوط ہوئی ہیں۔
بیان کے مطابق ملکی صدر آصف زرداری، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر ملکی سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارک باد دی ہے۔
ادارت مقبول ملک