پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز برابر
28 جولائی 2022سری لنکا کے شہر گال میں کھیلا جانے والے پاکستان اور میزبان سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں سری لنکن اسپنر پرباتھ جے سوریا نے پانچ وکٹیں لے کر پاکستان کو 246 رنز سے شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس طرح دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی ایک ایک کے ساتھ برابری پر اختتام کو پہنچی ہے۔
پاکستانی ٹیم جیت کے لیے اپنی دوسری اننگز میں 508 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش میں تھی۔تاہم میزبان ٹیم نے اپنی بہترین بولنگ کے سبب پاکستانی ٹیم کو دوسری اننگز میں 261 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم 81 رنز کے ساتھ دوسری اننگز میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹسمین رہے۔
جے سوریا کی صرف تین ٹیسٹ میں چوتھی بار پانچ وکٹیں
سری لنکا کے 30 سالہ بائیں ہاتھ سے اسپن بالنگ کرنے والے پرباتھ جے سوریا نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا ڈیبو رواں ماہ کے آغاز میں آسٹریلیا کے خلاف کیا تھا اور محض تین ٹیسٹ میچز کھیل کر انہوں نے چوتھی مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
آسٹریلیا کے علاوہ انہوں نے اسی میچ کی پہلی اننگز میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستانی بلے بازوں کے لیے جے سوریا کے علاوہ رمیش مینڈس بھی کافی تباہ کن رہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کے شہر گال میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز اسکور کیے تھے۔ جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 231ن رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
سری لنکن ٹیم نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 308 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ یوں پاکستان کو جیت کے لیے 508 رنز کا ہدف ملا۔
دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں مہمان ٹیم پاکستان نے پہلے میچ میں چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ بھارت اب چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔
اس رینکنگ میں سرفہرست جنوبی افریقہ کی ٹیم ہے جس کے بعد آسٹریلیا۔ سری لنکا کی ٹیم تیسری پوزیشن پر ہے، بھارت چوتھے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔