پاکستان کی نوجوان آبادی: قومی اثاثہ یا بوجھ؟
11 جولائی 2026
ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کا بنیادی مسئلہ نوجوان آبادی کی بڑی تعداد نہیں بلکہ تعلیم، صحت، غذائیت، مہارتوں اور روزگار جیسے شعبوں میں کم سرمایہ کاری ہے۔ اسی وجہ سے پاکستان نہ صرف ہیومن کیپیٹل انڈیکس میں جنوبی ایشیا کی اوسط سے پیچھے بلکہ بنگلہ دیش اور نیپال سے بھی نچلے درجے پر ہے۔
رپورٹ خبردار کرتی ہے کہ اگر ان شعبوں میں سرمایہ کاری نہ بڑھائی گئی تو پاکستان اپنی نوجوان آبادی کو معاشی ترقی کی طاقت میں بدلنے کا ایک اہم موقع کھو سکتا ہے۔
سوال یہ ہے کہ پاکستان اپنی پالیسیوں اور ریاستی ترجیحات میں نوجوانوں کو کتنی اہمیت دے رہا ہے؟ کیا ان پر اتنی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے کہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکیں؟
گذشتہ ایک دہائی سے مختلف حکومتوں نے نوجوانوں کے لیے متعدد پروگرام متعارف کرائے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدامات اگرچہ ہزاروں نوجوانوں تک پہنچے، لیکن آبادی کے حجم، لیبر مارکیٹ کی ضروریات اور روزگار کی رفتار کے مقابلے میں انہیں ایک مربوط اور طویل المدتی قومی حکمت عملی کی شکل نہیں دی جا سکی۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی ریسرچ اسسٹنٹ ڈاکٹر عظمیٰ ضیاء نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ”پاکستان اسکولوں میں بچوں کی تعداد بڑھانے میں تو کسی حد تک کامیاب ہوا ہے، لیکن معیارِ تعلیم اور مارکیٹ کی ضروریات کے درمیان اب بھی واضح فرق موجود ہے۔ 'اسکلز مس میچ‘ سے نمٹنے کے لیے کوئی مؤثر پالیسی نظر نہیں آتی۔"
حکومتی اسکیموں میں کمی کہاں رہ گئی؟
ماہرین کے مطابق انسانی سرمائے کی بنیاد محض تعلیم اور ہنر نہیں بلکہ صحت بھی ہے۔
سابق وفاقی مشیرِ صحت ڈاکٹر ظفر مرزا ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں، ”ہیومن کیپیٹل محض انسانی حقوق کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ براہِ راست معیشت سے بھی جڑا ہے۔ ہمارے پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 40 فیصد بچے قلت تغذیہ اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کا شکار ہیں۔ یہ بچے کل کو ہماری طاقت بنیں گے یا بوجھ؟ اس حوالے سے ہمارے پاس کیا حکمت عملی ہے؟"
ڈاکٹر عظمیٰ ضیاء کے مطابق، ”محض نوجوان آبادی ترقی کی ضمانت نہیں ہوتی۔ ترقی اس وقت ممکن ہوتی ہے جب نوجوان صحت مند ہوں، معیاری تعلیم حاصل کریں، نئی مہارتیں رکھتے ہوں اور بدلتی ہوئی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔"
سوشل سائنٹسٹ احمد اعجاز کہتے ہیں، ”ایک تو ہمارے ہاں انڈسٹری بہت کم ہے، پھر ہر سال ہزاروں نوجوان ڈگریاں لے کر عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں، لیکن ان کے پاس صنعت اور کاروباری شعبے کے لیے درکار مہارتیں ہی نہیں ہوتیں، نتیجہ یہ کہ ایم اے کرنے والے نوجوانوں چھوٹے شہروں سے اسلام آباد اور لاہور آ کر بائیکیہ چلا رہے ہیں، دو دو نوکریاں کر رہے ہیں مگر نہ ان کی اپنی حالت بدلتی ہے نہ ان کے خاندانوں کی۔"
خواتین کی معاشی شمولیت بھی اسی بحث کا ایک اہم پہلو ہے۔ ورلڈ بینک اور بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت محض 24 فیصد ہے، جبکہ بنگلہ دیش میں یہ شرح تقریباً 38 فیصد اور نیپال میں 55 فیصد سے زیادہ ہے۔
ڈاکٹر عظمیٰ ضیاء کہتی ہیں کہ ہماری نوجوان آبادی کا تقریباً نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے، لیکن ہم ان کے لیے کتنے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان اب تک کوئی جامع حکمت عملی اختیار نہیں کر سکا۔
روزگار کا بحران، معیشت اور نوجوانوں کا مستقبل
ماہرین کے مطابق نوجوان آبادی کی بحث کا ایک اہم نکتہ یہ ہے کہ کیا پاکستان کی معیشت اتنی تیزی سے روزگار پیدا کر رہی ہے، جتنی تیزی سے ہر سال لاکھوں نوجوان لیبر مارکیٹ کا حصہ بن رہے ہیں؟
ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا کے مطابق پاکستان کو آئندہ برسوں میں ہر سال تقریباً 30 لاکھ نئی ملازمتوں کی ضرورت ہو گی تاکہ روزگار کی منڈی میں آنے والے نوجوانوں کو جذب کیا جا سکے۔ ان کے مطابق ملک میں تقریباً 90 فیصد روزگار نجی شعبہ فراہم کرتا ہے، جبکہ حکومت کا کردار محدود ہے۔ اس لیے نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا انحصار بڑی حد تک نجی سرمایہ کاری، صنعت، برآمدات اور کاروباری سرگرمیوں پر ہے۔
احمد اعجاز کہتے ہیں، ”حکومت کی طرف سے نوجوانوں کی صلاحتیوں سے فائدہ اٹھانے کی کوئی جامع پالیسی نہیں ہے، جو نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت کاروبار یا ای کامرس کی طرف جانا چاہتے ہیں، انہیں بھی انٹرنیٹ، ریگولیٹری رکاوٹوں اور غیر یقینی پالیسیوں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ دوسری جانب دیہی نوجوان نہ صنعت میں جگہ پا رہے ہیں اور نہ ہی زراعت انہیں مستقبل کا قابلِ اعتماد ذریعہ معاش دکھائی دیتی ہے۔‘‘
بے روزگاری سے آگے کا مسئلہ
ڈاکٹر عظمیٰ ضیاء بھی احمد اعجاز کی اس بات سے اتفاق کرتی ہیں کہ پاکستان کا مسئلہ صرف بے روزگاری نہیں بلکہ روزگار کے معیار کا بھی ہے۔
ان کے بقول، ”پاکستان میں روزگار کے بیشتر مواقع غیر رسمی شعبے میں ہیں، جہاں نہ ملازمت کا تحفظ ہوتا ہے اور نہ ہی ترقی کے واضح امکانات۔ گزشتہ چند دہائیوں میں سرمایہ کاری کا بڑا حصہ صنعت کے بجائے رئیل اسٹیٹ میں گیا، جبکہ توانائی کے بحران اور دیگر مسائل نے صنعتی ترقی کا خواب پیچھے دھکیل دیا۔ ایسے میں نوجوان کام تو کر رہے ہوتے ہیں، مگر اکثر اپنی صلاحیتوں سے کہیں کم سطح پر۔ اسی چیز کو 'انڈر ایمپلائمنٹ‘ کہا جاتا ہے۔ ان حالات کی وجہ سے ہمارے نوجوان باہر جانا چاہتے ہیں۔"
ڈیجیٹل معیشت: امید کی نئی کرن
ڈاکٹر عظمی کے مطابق، ”پاکستان میں فری لانسنگ، آئی ٹی سروسز، ڈیجیٹل کاروبار اور ٹیکنالوجی سے وابستہ شعبوں نے حالیہ برسوں میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ بہت سے نوجوان روایتی ملازمتوں کے بجائے عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ پاکستان کے پاس بہت زبردست موقع ہے کہ وہ اپنے ٹیلنٹ سے بہتر کام لے۔"
ڈاکٹر ظفر مرزا کے بقول، ”پاکستان کے پاس نوجوان آبادی کی صورت میں ایک غیر معمولی موقع موجود ہے، مگر اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے صرف آبادی کا بڑا ہونا کافی نہیں۔ ہیومن کیپٹل اور جامع پالیساں طے کریں گی کہ آنے والے برسوں میں ہمارے نوجوان پاکستان کی معیشت کا سہارا ہوں گے یا اس کے لیے ایک نیا بحران۔"
ادارت: جاوید اختر