پاکستان کے انتخابات اور امریکا کی سوچ
10 مئی 2013
بین الاقوامی امور کے کئی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان میں ہفتے کے روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات کا نتیجہ کچھ بھی ہو، جس طرز کی بھی حکومت بنے، واشنگٹن کو پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے اسلام آباد کا تعاون درکار رہے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر پاکستان کے نئے لیڈر نے خود کو بنیاد پرستوں کے ساتھ ملا لیا تو امریکا کے لیے کچھ مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انتخابات کے سلسلے میں کسی فریق کی حمایت یا مخالفت کے معاملے میں امریکا اب تک محتاط رہا ہے۔ موجودہ انتخابات اگرچہ پرتشدد واقعات کی زد میں ہیں تاہم یہ پاکستان کی 66 سالہ تاریخ میں جمہوری انداز میں انتقال اقتدار کا اولین موقع فراہم کر رہے ہیں۔ امریکی حکومت کو یہ ابھی ادراک ہے کہ اس وقت پاکستان میں امریکی مقبولیت کا گراف نہایت نیچے یعنی محض گیارہ فیصد کے آس پاس ہے۔
امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان پیٹرک وینٹریل کے بقول واشنگٹن حکومت پاکستان میں نئی جمہوری حکومت کے ساتھ روابط قائم کرنے کی متمنی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق نواز شریف کو ممکنہ طور پر مستقبل کا پاکستانی وزیر اعظم سمجھا جارہا ہے، جو صدر آصف علی زرداری کی امریکا دوست پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ امریکا نواز شریف کو ان کے دو سابق ادوار کے تناظر میں جانتا ہے اور زیادہ امریکی ماہرین کی رائے میں وہ ایک نظریاتی نہیں بلکہ عملی سوچ کے حامل سیاست دان ہیں۔
امریکی کانگریس کے ایک نمائندے نےخدشہ ظاہر کیا ہے کہ نواز شریف سخت گیر مذہبی حلقوں کے ساتھ اتحاد قائم کر سکتے ہیں جو شیعہ اور دیگر اقلیتوں کے خلاف تشدد کے ذمہ دار ہیں۔ نام خفیہ رکھنے کی شرط پر اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے اس نمائندے نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے اس نکتے پر غور نہیں کیا۔ نواز شریف نے اپنی انتخابی مہم امریکا کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں ترتیب نہیں دی بلکہ عوام سے خراب معاشی صورتحال کی بہتری کے وعدے کیے ہیں۔
سابق امریکی فوجی مشیر سیٹ جونز کے بقول2001ء میں پاکستان کے اندر امریکی کمانڈو ایکشن میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد تعلقات میں جو تناؤ پیدا ہوا تھا وہ اب کافی حد تک کم ہوچکا ہے۔ ’’یہ نئی سول حکومت کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا ایک اچھا موقع ہے، جس میں یقینی طور پر ایک مختصر ہنی مون پیریڈ آئے گا۔‘‘
امریکی وزیر خارجہ جان کیری وزارت سنبھالنے کے بعد پاکستانی فوجی سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے تین بار مل چکے ہیں۔ اوباما انتظامیہ نے حال ہی میں افغانستان اور پاکستان کے لیے نیا مندوب بھی مقرر کیا ہے۔ سابق کرکٹر اور ابھرتے ہوئے سیاست دان عمران خان نے نواز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے برعکس امریکا کے خلاف زیادہ سخت رویہ اختیار کر رکھا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ چاہے انتخاب کوئی بھی جیتے، دنیا میں آبادی کے لحاظ سے چھٹے نمبر کے اس ملک میں جہاں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے، ملک جوہری اسلحے سے لیس ہے اور انتہا پسندی کے مسائل بھی یہاں موجود ہیں امریکی مفادات وابستہ رہیں گے۔ کونسل آن فارن ریلیشنز سے وابسہ ڈنیئل مرکی کے بقول پاکستان سے امریکا کا اخراج ناممکن ہے۔
(sks/ ai (AFP