پاکستان کے ایٹمی ہتھیار محفوظ ہیں، بھارتی آرمی چیف
25 اکتوبر 2010بھارتی فوج کے سربراہ جنرل وی کے سنگھ نے گزشتہ دِنوں ایک متنازعہ بیان جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان بھارتی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی تشویش کے بعد پاکستان نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت کے لئے غیرمعمولی اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، ’شاید یہ تشویش پاکستان کو بھی ہے اور وہ مزید اقدامات کر رہے ہیں۔ میرا نہیں خیال کہ ایٹمی ہتھیاروں کو خطرے میں قرار دینے کی کوئی وجہ ہے۔‘
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی اندرونی صورت حال کے تناظر میں یہ تشویش باقی رہے گی۔
جنرل سنگھ نے اس سے قبل اپنے متنازعہ بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان اور چین اشتعال انگیز ممالک ہیں اور بھارت کسی بھی روایتی جنگ کے لئے تیار ہے۔ پاکستان نے جنرل سنگھ کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے جارحانہ قرار دیا تھا۔ تاہم بھارتی آرمی چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسا سوچنے والے وہ تنہا نہیں بلکہ ساری دُنیا کا مؤقف یہی ہے۔
انہوں نے تازہ انٹرویو میں کہا، ’میں نے تو صرف وہی کہا، جو ساری دُنیا کہہ رہی ہے۔ کیا ساری دُنیا جارحیت پر اتری ہوئی ہے۔’
جنرل سنگھ نے کہا کہ پاکستان اور چین، دونوں ہی جوہری طاقتیں ہیں، اور یہ ہتھیار کون استعمال کرے گا، اس کے بارے میں ہم نہیں جانتے۔ انہوں نے کہ کہ مسلح افواج کے طور پر ہمیں یہ بات ہر وقت پیشِ نظر رکھنی ہو گی کہ کوئی نہ کوئی ان ہتھیاروں کو استعمال کر سکتا ہے۔
انہوں نے چین کے ساتھ تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ سرحد پر امن ہے اور باہمی اعتماد کے فروغ کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب حالات پاکستان کی نسبت بہتر ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین، بھارت کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مختلف معاملات میں شریک ہے، جس سے بھارت کا مجموعی سکیورٹی منظرنامہ متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے اپنی قوم کو یقین دلایا کہ ان کی افواج باصلاحیت ہیں، ساتھ ہی اپنی صلاحیتوں میں اضافہ بھی کر رہی ہیں اور کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہوں گی۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عابد حسین