1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سے تعلقات کی تجدید نو کے لیے پر امید ہوں، پومپیو

5 ستمبر 2018

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ’تعلقات کی تجدید نو‘ کی امید کر رہے ہیں۔ مائیک پومپیو وزیر خارجہ بننے کے بعد پہلی مرتبہ اسلام پہنچے ہیں۔

Singapur - Mike Pompeo beim treffen der Außenminister
تصویر: Getty Images/AFP/M. Rasfan

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آج بدھ پانچ ستمبر کو اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ جہاں ان کی دیگر پاکستانی حکام کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہو گی۔ پومپیو کی طرف سے اچھے تعلقات کی امید کے حوالے سے بیان واشنگٹن کے اس اقدام کے چند روز بعد سامنے آیا ہے جس میں پاکستان کے لیے 300 ملین ڈالرز کی فوجی امداد معطل کرنے کا اعلان کيا تھا۔ اس کی وجہ اسلام آباد حکومت کی طرف سے خطے میں امریکی حکمت عملی کو آگے بڑھانے کے لیے ‘فیصلہ کن اقدامات‘ میں ناکامی بتائی گئی تھی۔

سابق سی آئی اے ڈائریکٹر مائیک پومپیو بطور وزیر خارجہ امریکا کے دیرینہ اتحادی اور افغان تنازعے کے حل کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ملک پاکستان کا اولین دورہ کر رہے ہیں۔ واشنگٹن اور اسلام آباد کے تعلقات ان دنوں تناؤ کا شکار ہیں تاہم مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اب ’صفحہ بدلنے‘ کا وقت ہے۔ اس دورے میں امریکی افوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جو ڈنفورڈ بھی ان کے ساتھ ہیں۔

امریکی حکام اسلام آباد پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ  افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے جو پاکستان کی سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں حملے کرتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کو یقین ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نہ صرف نظریاتی وجوہات کی بناء پر طالبان کو اسلحہ اور فنڈز فراہم کرتی ہے بلکہ اس کا مقصد افغانستان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو روکنا بھی ہے۔ واشنگٹن کو یقین ہے کہ اگر پاکستان اس طرح کے گروپوں کے خلاف فیصلہ کُن کارروائی کرتا ہے تو اس سے طویل عرصے سے جاری افغان جنگ میں فیصلہ کُن نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم انہیں امید ہے کہ پاکستان میں نئی لیڈرشپ کے ساتھ مشترکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل کی راہ نکالی جا سکے گی۔ تصویر: Getty ImagesAFP/N. Kamm

دوران پرواز صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم انہیں امید ہے کہ پاکستان میں نئی لیڈرشپ کے ساتھ مشترکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل کی راہ نکالی جا سکے گی۔ اس موقع پر پومپیو نے یہ بھی کہا کہ اعلیٰ امریکی سفارت کار زلمے خلیل زاد کو افغانستان میں قیام امن کے لیے ایک نئی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔

ا ب ا / ع س (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں