1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے ساتھ تناؤ، امریکا کا اعتراف

عاطف بلوچ5 نومبر 2013

امریکا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کبھی کبھار تناؤ اور غلط فہمیاں پیدا ہو جاتی ہیں لیکن ساتھ ہی حکیم اللہ محسود کی ڈرون حملے میں ہلاکت کا غیر محسوس طریقے سے دفاع بھی کیا گیا ہے۔

ARCHIVBILD Pakistan Protest gegen die USA
تصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی کے حوالے سے بتایا ہے کہ واشنگٹن حکومت پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات پر کام کرنے کے لیے تیار ہے، ’’ہم امید کرتے ہیں کہ باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ہم اقتصادی مسائل سے لے کر سکیورٹی معاملات تک تمام تر مشترکہ مفادات پر تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے راستے تلاش کرتے رہیں گے۔‘‘

حکیم اللہ محسود جمعے کے دن ہلاک ہواتصویر: REUTERS/Reuters TV

اگرچہ جے کارنی نے پاکستان میں جمعے کو ہونے والے اُس ڈرون حملے کی تصدیق نہیں کی، جس میں تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ حکیم اللہ محسود مارا گیا تھا تاہم انہوں نے کہا کہ حکیم اللہ محسود پر 2010ء میں ٹائمز اسکوائر پر ناکام بم حملے کے علاوہ بہت سے دیگر انتہا پسندانہ حملوں کے الزامات تھے۔ کارنی نے کہا کہ محسود اور تحریک طالبان پاکستان کے دیگر رہنماؤں نے ’امریکا اور امریکیوں کو نشانہ بنانے کا کھلے عام عہد کر رکھا تھا۔‘

پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دورہ امریکا کے دوران وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ ملاقات میں ڈرون حملے بند کیے جانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم اس کے ایک ہفتے بعد ہی پاکستانی قبائلی علاقے میں ہوئے ایک ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ مارا گیا۔ اس حملے کے بعد پاکستانی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ محسود کو ہلاک کر کے واشنگٹن حکومت نے پاکستانی حکومت کی طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کو سبوتاژ کر دیا ہے۔

پیر کے دن پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے بھی کہا کہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت سے طالبان کے ساتھ مجوزہ امن مذاکرات کو ایک سنگین دھچکا لگا ہے۔ اپنے رہنما کی ہلاکت کے بعد طالبان نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ حکومت پاکستان کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔

نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے نواز شریف کے حوالے سے بتایا ہے، ’’برف پگھلنے لگی تھی اور دو طرفہ رابطہ شروع ہو گیا تھا۔‘‘ نواز شریف نے اپنی انتظامیہ اور طالبان کے مابین رابطوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے مزید کہا، ’’ایسے حالات میں ڈرون حملوں نے ہمارے مذاکراتی عمل اور قیام امن کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ پٹری سے اتر جانے والے اس امن عمل کو ہم دوبارہ ٹریک پر لے آئیں گے۔‘‘

نواز شریف نے باراک اوباما کے ساتھ ملاقات میں ڈرون حملے بند کیے جانے کا مطالبہ کیا تھاتصویر: Reuters

نواز شریف کے بقول وہ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے سے آگاہ ہیں، ’لیکن ہمیں اجازت ہونا چاہیے کہ ہم اپنے اس مسئلے کو اپنی ہی حکمت عملی کے تحت حل کریں۔‘‘ امریکی ڈرون حملوں کے تناظر میں انہوں نے مزید کہاکہ اگر امن عمل میں تعاون فراہم نہیں کیا جا رہا تو اسے تباہ کرنے کی کوشش بھی نہ کی جائے۔

ادھر تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ان کے نگران سربراہ عصمت اللہ شاہین نے اسلام آباد کے ساتھ امن عمل کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے۔ شاہد نے شاہین کے حوالے سے بتایا، ’’ہم امریکا کے غلاموں کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔‘‘ شاہین نے اپنے رہنما کی ہلاکت کے لیے پاکستانی فوج اور امریکا کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بدلے کی دھمکی بھی دی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں