پاکستان ہی چیمپیئنز ٹرافی کا میزبان: آئی سی سی
24 جولائی 2008پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نسیم اشرف نے آئی سی سی کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوے عالمی کرکٹ کونسل کے تمام ممبر ممالک کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
رواں برس گیارہ سے اٹھائیس ستمبر تک چیمپیئنز ٹرافی کے مقابلے پاکستان کے تین شہروں، کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوں گے۔
آئی سی سی کے بورڈ کا یہ اہم فیصلہ جمعرات کی ٹیلی کانفرنس کے بعد سامنے آیا۔
سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بنیاد بناکر آئی سی سی کے بعض ممبر ممالک نے پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کے خلاف آواز بلند کی تھی جس کے نتیجے میں پاکستان میں اس ٹورنامنٹ کا ہونا مشکوک بن گیا تھا۔
بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈز نے پاکستان کی میزبانی کی حمایت کی تھی جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے بعض کھلاڑیوں نے پاکستان کی سیکورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنی شرکت مشکوک بنادی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا اصرار تھا کہ ابھی حال ہیں میں اس نے ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی جس دوران کھلاڑیوں کی حفاظت کے لئے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔