پاک بھارت ایٹمی جنگ دس کروڑ انسانوں تک کو ہلاک کر سکتی ہے
3 اکتوبر 2019
دفاعی محققین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بھی ایٹمی جنگ دس کروڑ انسانوں کی فوری موت کی وجہ بن سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسا کوئی بھی جوہری تصادم انسانی تاریخ کا ہلاکت خیز ترین تنازعہ ثابت ہو گا۔
اشتہار
امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق دفاعی محققین نے اس ممکنہ منظر نامے کی تنبیہی تصویر کشی ایک ایسی ریسرچ رپورٹ میں کی ہے جو بدھ دو اکتوبر کو شائع ہوئی۔ اس رپورٹ میں سال 2025ء کو ایک ایسا امکانی سال تصور کیا گیا ہے، جس میں عسکریت پسند نئی دہلی میں بھارتی پارلیمان پر ایک بڑا حملہ کر دیتے ہیں اور بھارت کی زیادہ تر سیاسی قیادت اس حملے میں ماری جاتی ہے۔
اس کے بعد نئی دہلی کی طرف سے کشمیر کے تنازعے ہی کی وجہ سے پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں ٹینک بھیج دیے جاتے ہیں اور پاکستان، جسے یہ خدشہ ہوتا ہے کہ اس سے کئی گنا بڑے حریف ہمسایہ ملک کے ہاتھوں اس کا وجود ہی شدید خطرے میں پڑ گیا ہے، کشمیر میں فوجی چڑھائی کرنے والے اپنے مخالف ملک کو جنگی نوعیت کے جوہری ہتھیاروں کے ساتھ جواب دیتا ہے۔
انسانی تاریخ کا ہلاکت خیز ترین تنازعہ
اس ریسرچ پیپر میں لکھا گیا ہے کہ اس طرح اس خطرے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا کہ یوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ایسا جوہری تصادم شروع ہو سکتا ہے، جو انسانی تاریخ کا آج تک کا ہلاکت خیز ترین تنازعہ ثابت ہو گا۔ ایسی کسی ممکنہ جنگ میں بہت سے ایٹمی دھماکوں کی وجہ سے عالمی درجہ حرارت اتنا گر جائے گا کہ برف کے زمانے کے بعد سے کرہ ارض کو اتنے کم درجہ حرارت کا کبھی کوئی تجربہ ہی نہیں ہوا ہو گا۔
اس کے علاوہ یہی ممکنہ جنگ فوری طور پر دس کروڑ (100 ملین) انسانوں کی موت کی وجہ بنے گی اور اس کے بعد دنیا کو وسیع تر پیمانے پر بھوک اور فاقوں کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کی وجہ یہ ہو گی کہ جوہری ہتھیاروں سے حملوں کے بعد اتنے بڑے اور گہرے تاریک بادل فضا میں موجود ہوں گے کہ کم از کم بھی ایک عشرے تک سورج کی روشنی زمین پر نہیں پہنچ پائے گی اور عالمگیر سطح پر زرعی شعبہ تباہ ہو کر رہ جائے گا۔
جوہری ہتھیاروں کے ذخیروں میں اضافہ
اس بارے میں نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ دفاعی اور اسٹریٹیجک ماہرین کی طرف سے یہ تحقیقی تنبیہ ایک ایسے وقت پر کی گئی ہے، جب جنوبی ایشیا کی انہی دو روایتی حریف ہمسایہ ریاستوں کے مابین کشمیر ہی کے تنازعے کے باعث کشیدگی اپنے عروج پر ہے ۔ اس جنگی امکان میں یہ بات بھی اہم ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر ہی کے تنازعے کے باعث آپس میں ایک سے زائد جنگیں پہلے بھی لڑ چکے ہیں اور دونوں ہی اپنے اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخیروں میں اضافہ کرنے میں بھی لگے ہوئے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان اور بھارت میں سے اس وقت ہر ایک کے پاس تقریباﹰ 150 جوہری ہتھیار موجود ہیں اور امکان ہے کہ 2025ء تک نئی دہلی اور اسلام آباد کے پاس موجود نیوکلیئر وار ہیڈز کی فی کس تعداد 200 سے بھی زیادہ ہو جائے گی۔
یہ رپورٹ بروقت کیسے ہے؟
جریدے 'سائنس ایڈوانسز‘ میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کے شریک مصنف اور رُٹگرز یونیورسٹی کے ماحولیاتی علوم کے پروفیسر ایلن روبوک کہتے ہیں، ''مجھے اس بات پر بھی افسوس ہے کہ اس رپورٹ کا اب شائع ہونا دراصل اس لیے بھی بہت بروقت ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشمیر کے تنازعے کی وجہ سے بہت زیادہ کشیدگی اب بھی پائی جاتی ہے اور آپ ہر مہینے ہی ایسی رپورٹیں پڑھتے ہیں کہ سرحد (کشمیر میں کنٹرول لائن) پر پھر لوگ مارے جا رہے ہیں۔‘‘
اس رپورٹ کے مصنفین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگرچہ انہوں نے اپنی تحقیقی مثال میں یہ لکھا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے حملہ پاکستان پہلے کر سکتا ہے، لیکن ان کا مطلب یہ بالکل نہیں کہ ان کی رائے میں پاکستان واقعی ایسا کرے گا بھی۔
اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے طور پر واضح کر چکا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار اس وقت تک استعمال نہیں کرے گا، جب تک اسے یقین ہو کہ وہ اپنے خلاف کوئی بھی بھارتی فوجی یلغار روایتی ہتھیاروں اور روایتی جنگ لڑتے ہوئے روک سکتا ہے۔
کس ملک کے پاس کتنے ایٹم بم؟
دنیا بھر میں اس وقت نو ممالک کے پاس قریب سولہ ہزار تین سو ایٹم بم ہیں۔ جوہری ہتھیاروں میں تخفیف کے مطالبات کے باوجود یہ تعداد کم نہیں ہو رہی۔ دیکھتے ہیں کہ کس ملک کے پاس کتنے جوہری ہتھیار موجود ہیں؟
تصویر: AP
روس
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سِپری) کے مطابق جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے معاملے میں روس سب سے آگے ہے۔ سابق سوویت یونین نے اپنی طرف سے پہلی بار ایٹمی دھماکا سن 1949ء میں کیا تھا۔ سابق سوویت یونین کی جانشین ریاست روس کے پاس اس وقت آٹھ ہزار جوہری ہتھیار موجود ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Kolesnikova
امریکا
سن 1945 میں پہلی بار جوہری تجربے کے کچھ ہی عرصے بعد امریکا نے جاپانی شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹمی حملے کیے تھے۔ سِپری کے مطابق امریکا کے پاس آج بھی 7300 ایٹم بم ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/H. Jamali
فرانس
یورپ میں سب سے زیادہ جوہری ہتھیار فرانس کے پاس ہیں۔ ان کی تعداد 300 بتائی جاتی ہے۔ فرانس نے 1960ء میں ایٹم بم بنانے کی ٹیکنالوجی حاصل کی تھی۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J.-L. Brunet
چین
ایشیا کی اقتصادی سپر پاور اور دنیا کی سب سے بڑی بری فوج والے ملک چین کی حقیقی فوجی طاقت کے بارے میں بہت واضح معلومات نہیں ہیں۔ اندازہ ہے کہ چین کے پاس 250 ایٹم بم ہیں۔ چین نے سن 1964ء میں اپنا پہلا جوہری تجربہ کیا تھا۔
تصویر: Getty Images
برطانیہ
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن برطانیہ نے اپنا پہلا ایٹمی تجربہ سن 1952ء میں کیا تھا۔ امریکا کے قریبی اتحادی ملک برطانیہ کے پاس 225 جوہری ہتھیار ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Kaminski
پاکستان
پاکستان کے پاس ایک سو سے ایک سو بیس کے درمیان جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ سن 1998ء میں ایٹم بم تیار کرنے کے بعد سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کوئی جنگ نہیں ہوئی۔ پاکستان اور بھارت ماضی میں تین جنگیں لڑ چکے ہیں اور اسلام آباد حکومت کے مطابق اس کا جوہری پروگرام صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔ تاہم ماہرین کو خدشہ ہے کہ اگر اب ان ہمسایہ ممالک کے مابین کوئی جنگ ہوئی تو وہ جوہری جنگ میں بھی بدل سکتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP
بھارت
سن 1974ء میں پہلی بار اور 1998ء میں دوسری بار ایٹمی ٹیسٹ کرنے والے ملک بھارت کے پاس نوے سے ایک سو دس تک ایٹم بم موجود ہیں۔ چین اور پاکستان کے ساتھ سرحدی تنازعات کے باوجود بھارت نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی طرف سے پہلے کوئی جوہری حملہ نہیں کرے گا۔
تصویر: Reuters
اسرائیل
سن 1948ء سے 1973ء تک تین بار عرب ممالک سے جنگ لڑ چکنے والے ملک اسرائیل کے پاس قریب 80 جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ اسرائیلی ایٹمی پروگرام کے بارے میں بہت ہی کم معلومات دستیاب ہیں۔
تصویر: Reuters/B. Ratner
شمالی کوریا
ایک اندازے کے مطابق شمالی کوریا کم از کم بھی چھ جوہری ہتھیاروں کا مالک ہے۔ شمالی کوریا کا اصل تنازعہ جنوبی کوریا سے ہے تاہم اس کے جوہری پروگرام پر مغربی ممالک کو بھی خدشات لاحق ہیں۔ اقوام متحدہ کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے باوجود اس کمیونسٹ ریاست نے سن 2006ء میں ایک جوہری تجربہ کیا تھا۔
تصویر: Reuters
9 تصاویر1 | 9
دوسری طرف بھارت بھی اپنے طور پر کہہ چکا ہے کہ وہ کسی بھی مسلح تنازعے میں اپنے جوہری ہتھیار 'پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی‘ اپنائے ہوئے ہے۔ لیکن اہم بات یہ بھی ہے کہ ان دونوں طرح کے دلائل کے باوجود جنوبی ایشیا کی انہی دونوں جوہری طاقتوں کے مابین ایٹمی جنگ کا خطرہ تو اپنی جگہ اب بھی موجود ہے۔
گنجان آباد خطہ
پاکستان اور بھارت کے مابین کوئی بھی جوہری جنگ فوری طور پر ہی 100 ملین تک انسانوں کی موت کی وجہ بن سکتی ہے، اس کی وضاحت کرتے ہوئے رپورٹ کے مصنفین نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ دونوں ممالک دنیا کے ایک انتہائی گنجان آباد خطے میں واقع ہیں، جہاں کئی شہروں کی آبادی ایک کروڑ سے زائد ہے۔
دوسرے یہ کہ ایسا کوئی بھی تنازعہ اس لیے بھی انسانی تاریخ کا سب سے ہلاکت خیز تصادم ہو گا کہ انسانی تاریخ میں آج تک کی سب سے ہلاکت خیز جنگ دوسری عالمی جنگ تھی، جس میں مجموعی طور پر 75 ملین سے لے کر 80 ملین تک انسان مارے گئے تھے۔ مگر جس تباہ کن جنگی امکان کے خلاف ان ماہرین نے تنبیہ کی ہے، وہ تو فوری طور پر ہی دس کروڑ تک انسانوں کو جلا کر بھسم کر دے گا۔
م م / ع ا (اے ایف پی)
ناگاساکی پر ایٹمی حملے کو 76 برس ہو گئے
1945ء میں دو جاپانی شہروں پر امریکی حملے ابھی تک کسی بھی جنگ میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا واحد واقعہ ہیں۔ چھ اگست کو ہیروشیما پر ایٹمی حملے کے تین دن بعد امریکا نے ناگاساکی پر بھی ایٹم بم گرایا تھا۔
تصویر: Courtesy of the National Archives/Newsmakers
پہلا حملہ
چھ اگست 1945ء کو امریکی جہاز Enola Gay نے ہیروشیما پر پہلا ایٹم بم گرایا تھا۔ اس بم کو’لٹل بوائے‘ کا بے ضرر سا نام دیا گیا تھا۔ اُس وقت اس شہر کی آبادی ساڑھے تین لاکھ تھی اور حملے کے فوری بعد ستر ہزار لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔ چند دنوں کے دوران مرنے والوں کی تعداد دگنی ہو گئی تھی۔
تصویر: Three Lions/Getty Images
حملے میں تاخیر
منصوبے کے مطابق ہیروشیما پر یکم اگست 1945ء کو حملہ کیا جانا تھا تاہم خراب موسم کی وجہ سے امریکیوں کو اسے ملتوی کرنا پڑا۔ پانچ روز بعد بمبار جہاز ’انولا گے‘ تیرہ رکنی عملے کے ساتھ اپنا مشن پورا کرنے کے لیے روانہ ہوا۔ اس ٹیم کو راستے میں معلوم ہوا کہ وہ ایٹم بم گرانے جا رہی ہے۔
تصویر: gemeinfrei
دوسرا جوہری حملہ
ہیروشیما پر حملے کے تین روز بعد امریکیوں نے ناگاساکی پر دوسرا ایٹم بم گرایا۔ منصوبے کے مطابق دوسرا ایٹم بم کیوٹو پر گرایا جانا تھا۔ امریکی وزارت دفاع کی مخالفت کے بعد یہ ہدف تبدیل کر دیا گیا۔ ’فیٹ مین‘ نامی یہ بم 22 ٹن وزنی تھا۔ اس جوہری بم نے بھی قریب ستر ہزار افراد کی جان لی تھی۔
تصویر: Courtesy of the National Archives/Newsmakers
ہدف کا اسٹریٹیجک انتخاب
1945ء میں ناگاساکی میں اسلحہ ساز کمپنی مٹسوبیشی کی مرکزی دفتر قائم تھا۔ وہاں بحری اڈہ بھی موجود تھا۔ اس شہر میں وہ تارپیڈو بھی تیار کیے گئے تھے، جوجاپان نے پرل ہاربر پر حملے کے لیے استعمال کیے تھے۔ ناگاساکی میں بہت کم ہی جاپانی فوجی تعینات تھے۔ تاہم خراب موسم کی وجہ سے شپ یارڈ کو نشانہ نہ بنایا جا سکا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
ہلاکتیں بڑھتی ہی چلی گئیں
حملوں کے بعد بھی کئی ماہ تک تابکاری اثرات ہزاروں افراد کی موت کا باعث بنتے رہے۔ صرف ہیروشیما میں 1945ء کے اختتام تک ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد میں ساٹھ ہزار کا اضافہ ہو چکا تھا۔ ہلاکتوں میں اضافہ تابکاری، بری طرح جھلس جانے اور دیگر زخموں کی وجہ سے ہوا۔ بعد ازاں لگائے گئے اندازوں کے مطابق دوہرے جوہری حملوں میں مرنے والوں کی تعداد دو لاکھ تیس ہزار تک رہی تھی۔
تصویر: Keystone/Getty Images
خوف کے سائے میں جنگ کا اختتام
ہیروشیما اور ناگاساکی پر حملوں کے بعد بھی متعدد جاپانی شہریوں کو خدشہ تھا کہ تیسرا ایٹمی بم ٹوکیو پر گرایا جائے گا۔ جاپان نے ہتیھار پھینکنے کا اعلان کیا اور اس طرح ایشیا میں دوسری عالمی جنگ کا اختتام ہوا۔ امریکی صدر ہیری ٹرومین نے جوہری حملوں کے احکامات دیے تھے۔ کئی مؤرخین ان حملوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہیں۔
تصویر: AP
تعمیر نو
ہیروشیما کے تباہ شدہ شہر کو مکمل طور پر دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔ صرف دریائے اوٹا پر واقع ایک جزیرے پر امن پارک پہلے ہی طرح قائم ہے۔ یہاں پر ایک یادگاری شمع بھی روشن کی گئی ہے۔ یہ شمع اس وقت بجھائی جائے گی، جب دنیا سے آخری ایٹم بم کا خاتمہ ہو جائے گا۔
تصویر: Keystone/Getty Images
یادگاروں کی تعمیر کی جاپانی روایت
ناگاساکی میں 1955ء سے جوہری بم حملوں کے حوالے سے ایک عجائب گھر اور ان حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں ایک امن پارک قائم ہے۔ جاپان میں 1945ء کے ان واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی یاد کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ دنیا بھر میں ہیروشیما اور ناگاساکی کو ایٹمی ہتھیاروں کی تباہ کاریوں کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
تصویر: Getty Images
یادگاری تقریبات
اگست 1945ء کے ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں دنیا بھر میں تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ ہیروشیما میں منقعد ہونے والی سالانہ تقریب میں حملوں میں بچ جانے والے، ہلاک ہونے والوں کے لواحقین، شہری اور سیاستدان شرکت کرتے ہیں اور اس دوران ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔
تصویر: Kazuhiro Nogi/AFP/Getty Images
جوہری ہتھیاروں کے خلاف آواز
پیروشیما میں امن یادگاری پارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے کہا کہ جاپان دنیا بھر سے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔