1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت تعلقات میں ہمہ جہت پیشرفت، نیتیش کمار

11 نومبر 2012

بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نیتیش کمار ایک ہفتے تک پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔ انہیں جمعے کو کراچی میں خوش آمدید کہا گیا تھا اور وہ لاہور اور اسلام آباد جانے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

تصویر: UNI

نیتیش کمار نے کراچی میں سندھ کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی جانب سے دی گئی ایک ضیافت کے بعد انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایک ہی تاریخ اور ثقافت کے حامل ہیں اور دو طرفہ تعلقات میں ہمہ جہت پیشرفت ہورہی ہے۔ ’’میں پاکستان آنے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ میں پاکستان کے لوگوں کے لیے نیک تمنائیں اور خواہشات لے کر آیا ہوں، میں یہاں بھائی چارے کے جوش و خروش اور خیرسگالی کا گرویدہ ہوگیا ہوں۔‘‘

نیتیش کمار نے 2005ء میں بہار کی وزارت اعلیٰ سنبھالی تھی اور اسے ایک کامیاب صوبے کی ڈگر پر ڈال دیا تھا۔ اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سات برس قبل انہوں نے حکومتی عملداری کے نفاذ اور ہر سطح پر ترقی کی ٹھان لی تھی۔ ’’انصاف کے ساتھ ترقی کے لیے ہماری کوششوں سے ہمیں حکومتی عملداری، قانون اور عوامی نظم، افرادی قوت کی ترقی، انفرا سٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں بہت سی کامیابیاں ملی ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ بالخصوص منظم جرائم پر قابو پانے سے جرائم کی شرح بہت حد تک کم ہوئی ہے۔ ان کے بقول پورے بھارت میں ان کے صوبے میں اقتصادی نمو کی شرح سب سے زیادہ یعنی رواں برس کے لیے ریاست میں مجموعی پیداوار کے قریب 17 فیصد کے برابر ہے۔ ’’ہماری کامیابی کا راز اچھی حکومتی کارکردگی میں ہے۔‘‘ بہار کے وزیر اعلیٰ نے خواتین کی تعلیم اور زراعت پر توجہ کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

بھارتی رہنما نے سندھ کی صوبائی اسمبلی کا بھی دورہ کیاتصویر: AP

ہفتے کی صبح مزار قائد اعظم پر حاضری دینے کے بعد انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو پرامن طریقے سے رہنا چاہیے، جس سے نہ صرف دونوں ہی ملکوں میں خوشحالی آئے گی اور ترقی ہوگی بلکہ پورے خطے کا بھی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کراچی میں مہتہ پیلس کا بھی دورہ کیا، جسے راجستھانی طرز پر تعمیر کیا گیا ہے۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے اس موقع پر اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر  کیا۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت نے توانائی کے بحران، ملازمتوں کی کمی اور دیگر مسائل سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔ ’’ غریبوں اور خواتین میں اب تک 56 ہزار ایکڑ اراضی تقسیم کی گئی ہے، ضلع اور تحصیل کی سطح پر ہسپتالوں کی تعمیر نو کی گئی ہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ نیتیش کمار کے ساتھ بہار کی صوبائی انتظامیہ کے دیگر عہدیدار بھی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے بھی بہار کا دورہ کیا تھا اور پاکستانی صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے نیتیش کمار کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی تھی۔

(sks / mm (PTI

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں