’پاک بھارت تناؤ‘ اقوام متحدہ کردار ادا کرے، شریف
28 ستمبر 2015پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے بان کی مون کے ساتھ ملاقات میں مسئلہ جموں و کشمیر پر بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے زیر نگرانی اس ریاست میں رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا۔ پاکستان مشن کے مطابق شریف نے بان کی مون سے پاکستان اور بھارت کے مابین جاری تناؤ کو کم کرنے میں کردار ادا کرنے کے لیے بھی کہا۔ اس موقع پر نواز شریف نے مزید کہا کہ متنازعہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل کرایا جائے، جس کے مطابق اس خطے کے مستقبل کا فیصلہ اس کی عوام کی خواہش کے مطابق کیا جانا ہے۔ بان کی مون کے بقول پاکستان اور بھارت کے مابین موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مذاکرات کی ضرورت ہے۔
پہلے سے لگائے جانے والے اندازوں کے عین مطابق دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات میں کشمیر کا موضوع ہی چھایا رہا۔ بھارت کا موقف ہے کہ کشمیر کا مسئلہ دو طرفہ ہے اور اقوام متحدہ کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔ نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آج کل نیو یارک میں ہیں اور تیس ستمبر کو وہ اس اجلاس سے خطاب کریں گے۔ نواز شریف نے اس ملاقات میں مزید کہا کہ وہ پڑوسی ملک افغانستان سے نئے اور بہتر تعلقات کا خواہاں ہیں اور ان کا ملک افغانستان میں مصالحتی عمل میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس دوران نواز شریف نے بان کی مون سے داخلی ترجیحات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے نواز شریف سے ملاقات کی۔ کیری نے اس موقع پر انسداد دہشت گردی کی پاکستانی کوششوں کو سراہا۔ کیری نے حال ہی پشاور کے قریب پاکستان فضائیہ کی چھاؤنی پر حملے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے متعدد دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ کیری کے بقول باراک اوباما اکتوبر میں نواز شریف کے دورہ امریکا کے دوران ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم سیلیکون ویلی کے اپنے دورے کے بعد آج نیویارک پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر وہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور فرانسیسی سربراہ مملکت فرانسوا اولانڈ سے بھی ملیں گے۔ مودی اقوام متحدہ کے امن مشنز کے موضوع پر ہونے والے ایک اجلاس سے بھی خطاب کریں گے، جس میں بان کی مون، باراک اوباما اور پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ دیگر عالمی رہنما بھی شریک ہوں گے۔