پاک، چین جوہری تعاون کی کوششیں
5 جولائی 2010اشتہار
پاکستانی صدر آصف علی زرداری منگل سے چين کا سرکاری دورہ شروع کررہے ہيں جس کے دوران اعلی سطحی مذاکرات ہوں گے۔ پچھلے ماہ پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل اشفاق پرويز کيانی بھی چين کا دورہ کرچکے ہيں۔ اندازہ ہے کہ صدر زرداری کے دورے ميں سلامتی کے سلسلے ميں دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی امور کے علاوہ ايٹمی شعبے ميں تعاون پر بھی بات چيت ہوگی جس پر بعض طاقتوں نے شديد ردعمل ظاہر کيا ہے۔ پاکستان چين سے سب سے زيادہ روايتی اسلحہ حاصل کرتا ہے۔ تجزيہ نگاروں کے مطابق چين نے گزشتہ عشروں کے دوران پاکستان کے ايٹمی پروگرام کو بھی مدد فراہم کی تھی۔ چين اور پاکستان کے درميان پچھلے ويک اينڈ پر فوجی مشقيں بھی ہوئيں جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی صلاحيت ميں اضافہ کرنا بتايا گيا۔ چین نے پاکستان کے صوبہ پنجاب ميں چشمہ نيوکليئر پلانٹ کی تعمير ميں بھی مدد دی تھی۔ اس وقت چين چشمہ ميں ايک اور ايٹمی پلانٹ کی تکميل ميں مصروف ہے جبکہ يہاں مزيد دو ايٹمی پاور پلانٹس کی تعمير کا منصوبہ بھی ہے۔ پاکستان ميں بجلی کی شدید قلت اور آبادی ميں اضافے کے ساتھ بجلی کی ضرورت ميں مزيد اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ چينی نيوکليئر کمپنياں غير ملکی منڈيوں ميں اپنے ايٹمی ری ايکٹر فروخت کرنا چاہتی ہيں اور اس وقت پاکستان وہ واحد ميدان ہے جہاں وہ اپنی ايٹمی ٹيکنالوجی کو آزما کر اُسے دوسرے ملکوں کو بھی فروخت کے لئے بہتر بنا سکتی ہيں۔ خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ پاکستان چشمہ پلانٹس سے استعمال شدہ جوہری ايندھن لے کر اس سے ايٹم بم بنانے کے لئے پلوٹونيم حاصل کرسکتا ہے ليکن عملی طور پر ايسا ممکن نہيں ہے کيونکہ عالمی ايٹمی ايجنسی نے چشمہ ميں حفاظتی اقدامات کر لئے ہيں۔ اس کے علاوہ چین بھی استعمال شدہ ايٹمی ايندھن پر کنٹرول رکھے گا تاکہ اسے ايٹمی اسلحے کی تياری کے لئے نہ استعمال کيا جاسکے۔ امريکہ بھی پاکستان کا قريبی ساتھی ہے ليکن تجزيہ نگاروں کے مطابق پاکستان چين کو مغرب کے اثرات کی روک تھام ميں مددگار سمجھتا ہے۔ پچھلے سال کئے جانے والے ايک سروے کے مطابق 84 فيصد پاکستانی چين کے بارے ميں اچھے خيالات رکھتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں امريکہ کے حاميوں کا تناسب 16 فيصد ہے۔ پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے حکومت سنبھالنے کے بعد کہا تھا کہ وہ ہر تين ماہ بعد چين کا دورہ کريں گے ليکن ابھی تک چين میں ان کے لئے کوئی خاص گرمجوشی نہيں پائی جاتی۔ تاہم جرمن مارشل فنڈ کے اينڈريو اسمان کے مطابق زرداری کے دورے سے، جس ميں وہ چینی صدر ہو جن تاؤ اور وزير اعظم وين جيا باؤ سے ملاقاتيں کريں گے، ان تعلقات ميں بہتری پيدا ہوسکتی ہے۔ رپورٹ : شہاب احمد صدیقی ادارت : افسر اعوان
اشتہار