پبلو پکاسو کی اسکیچ بک چوری
10 جون 2009یہ اسکیچ بک فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے عین وسط میں واقع نیشنل پکاسو میوزیم کے شیشے کے ایک شو کیس سے، جو مقفل نہیں تھا، چوری کی گئی۔ فرانسیسی حکام کے مطابق اِس اسکیچ بک کی گمشدگی کا پتہ منگل کی صبح کو چلا۔
پولیس کے مطابق کوئی الارم نہیں بجا اور نہ ہی ایسے کوئی آثار ملے کہ کوئی شخص تالا وغیرہ توڑ کر اندر گیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والی یہ چوری سترہویں صدی کی اِس عمارت میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کے سبب ہوئی۔ نیشنل پکاسو میوزیم میں بنیادی طور پر اسپین سے تعلق رکھنے والے اِس عالمی شہرت یافتہ مصور کی 250 سے زیادہ پینٹنگز، 160 مجسمے اور 1,500 ڈرائنگز موجود ہیں۔
چوری ہونے والی اسکیچ بک میں وہ ڈرائنگز تھیں، جو اِس مصور نے 1917ء اور 1924ء کے درمیانی عرصے میں تخلیق کی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ درمیانے سائز کی اِس سرخ رنگ کی اسکیچ بُک پر سنہری حروف میں ’’البم‘‘ کا لفظ کندہ ہے۔
پولیس کے تفتیشی افسر کے مطابق چور بڑی آسانی سے اِس اسکیچ بُک کو کئی ملین یورو میں فروخت کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بیس ویں صدی کے اِس نامور مصور کے بنائے ہوئے فن پاروں کے لئے قدردانوں نے ہوش رُبا رقوم ادا کی ہیں۔ فروری سن 2007ء میں پکاسو کی پوتی ڈایانا وِڈمائر پکاسو کے پیرس میں واقع گھر سے پکاسو کی دو پینٹنگز چوری کر لی گئی تھیں، جن کی قیمت کا اندازہ پچاس ملین یورو لگایا جاتا ہے۔ تب چور اِن پینٹنگز کو فروخت نہیں کر سکے تھے اور چند ہی ماہ بعد پولیس نے تین چور گرفتار کر کے یہ تصاویر برآمد کر لی تھیں۔
پبلو پکاسو 25 اکتوبر سن 1881ء کو اسپین میں مالاگا کے مقام پر پیدا ہوئے اور آٹھ اپریل سن 1973ء کو فرانس میں انتقال کیا۔