پرنس ہیری اور میگھن کا شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان
9 جنوری 2020
برطانیہ کے شاہی جوڑے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے اپنی اعلٰی شاہی حیثیت سے دست بردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔
اشتہار
ملکہ برطانیہ کے پوتے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے مزید کہا کہ وہ اپنا زیادہ وقت شمالی امریکا میں گزارنا چاہتے ہیں۔ برطانوی شاہی جوڑے نے ایک بیان میں کہا، ”ہم شاہی خاندان کے سینئیر ارکان کی حیثیت سے دستبردار ہونے اور مالی طور پر خود مختار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ ہم ملکہ معظمہ کی مکمل معاونت اور حمایت جاری رکھیں گے۔‘‘
شاہی جوڑے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر بھی یہ اعلان پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی ماہ تک غور و فکر اور باہمی تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ شاہی جوڑے نے مزید کہا کہ اب وہ برطانیہ اور شمالی امریکا میں اپنا وقت گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم وہ ”ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ، اور شاہی خاندان کی سرپرستی"میں اپنے فرائض کی انجام دہی اور ان کا احترام کرتے رہیں گے۔
اس شاہی جوڑے کو ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس کا خطاب حاصل ہے۔ یہ جوڑا اپنی شادی اور پھر مئی میں بیٹے آرچی کی پیدائش کے بعد میڈیا اور عوام کی حد سے زیادہ توجہ کا مرکز رہا۔ اسی دباؤ سے بچنے کے لیے انہوں نے حالیہ کرسمس تعطیلات کینیڈا میں گزاریں۔
خیال رہے کہ ڈچز میگھن کی پیدائش امریکا میں ہوئی تھی۔ وہ سابق اداکارہ ہیں اور امریکی ٹی وی ڈرامہ سیریل 'سوٹس‘ میں کام کے دوران ٹورنٹو میں رہا کرتی تھیں۔
شہزادہ ہیری اور میگھن میرکل کی عشق کہانی
شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن میرکل آج شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ ان کے عشق کی کہانی سبھی جاننا چاہتے ہیں۔
تصویر: Reuters
ایک مسکراتا جوڑا
شہزادہ ہیری اور مریکل کی ایک تصویر پہلی بار ستمبر 2017 میں سامنے آئی تھی، جس میں دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ رکھا تھا۔ یہ واقعہ ٹورونٹو میں ویل چیئر ٹینس مقابلے میں شرکت کا تھا۔ ہیری ہی نے زخمی فوجیوں کے لیے ان کھیلوں کا آغاز کیا تھا۔
تصویر: Reuters/D. Sagolj
نوجوان ہیری
شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے سب سے چھوٹے بیٹے پرنس ہینری آف ویلز، جو پرنس ہیری کے نام سے معروف ہیں، سن 1984 میں پیدا ہوئے۔ ان کا بچپن اپنے والدین کی علیحدگی اور پھر والدہ کی ناگہانی موت سے متاثر ہوا۔ یہ تصویر سن 1995 کی ہے، جس میں شہزادہ ہیری اپنی والدہ کے ساتھ ہیں اور ہیری کے بھائی پرنس ویلیم والدہ کے ساتھ موجود ہیں۔
تصویر: Johny Eggitt/AFP/Getty Images
شہزادی ڈیانا کے بعد
سن 1997 میں ایک کار حادثے میں شہزادی ڈیانا ہلاک ہو گئیں۔ اس وقت ہیری کی عمر فقط بارہ برس تھی جب کہ ان کے بھائی پرنس ویلیم پندرہ سال کے تھے۔ اس تصویر میں دونوں شہزادے اپنی والدہ کے تابوت کے ساتھ ہیں۔ اس واقعے نے شہزادہ ہیری کو بے حد متاثر کیا۔
تصویر: Adam Butler/AFP/Getty Images
زخم کے اندمال کا لمبا وقت
رواں سال کے آغاز پر پرنس ہیری نے اعتراف کیا کہ اسے اپنی پوری زندگی اس ذہنی صدمے سے کتنا لڑنا پڑا۔ ڈیلی ٹیلی گراف سے اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کئی مواقع پر وہ اس مقام پر تھے، جہاں ذہن مکمل طور پر مفلوج ہو جاتا ہے۔
تصویر: Thomas Coex/AFP/Getty Images
پلے بوائے شہزادہ بڑا ہو گیا
شہزادہ ہیری میں اپنی والدہ کی طرح لوگوں سے ملنے ملانے اور ان سے جڑ جانے کی خاصیت ہے۔ وہ کئی بار مختلف حسین خواتین کے ساتھ دیکھے گئے اور انہیں ایک طویل عرصے تک ’پلے بوائے‘ تک پکارا جاتا رہا۔ نیوز ویک سے بات چیت میں ایک بار شہزادہ ہیری نے کہا تھا کہ وہ شاہی خاندان سے دور بھاگتے ہیں۔
تصویر: Chris Jackson/Getty Images
فوج ایک پناہ گاہ
سن 2005ء میں ایک پارٹی میں متنازعہ نشان سواستیکا والی تصاویر نے شور مچا دیا اور اسی سال وہ فوج میں چلے گئے۔ وہ برطانوی فورسز کے لیے دس سال تک کام کرتے رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی توجہ سے ہٹنے کے اعتبار سے فوج بہترین پناہ گاہ تھی۔
تصویر: John Stillwell/AFP/Getty Images
معروف شہزادہ
فوجی سروس کے دوران انہوں نے دو مرتبہ افغانستان میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ اس طرح پرنس ہیری اپنے ملک ہی میں نہیں دنیا بھر میں مشہور ہو گئے۔ وہ عوامی سطح پر مختلف موضوعات پر کھلے الفاظ میں بات کرتے رہے اور یہی ان کی مقبولیت کی وجہ بنا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Wigglesworth
میگھن میرکل
برطانوی لوگوں کو تو میگھن میرکل کا علم تک نہیں تھا، تاہم گزشتہ برس اکتوبر سے برطانوی اخبارات میں مسلسل وہ دکھائی دے رہی تھیں۔ میرکل سن 1981 میں امریکی شہر لاس اینجلس میں پیدا ہوئی اور ایک ٹی وی پروگرام میں وہ وکیل کے بہ طور دکھائی دیتی تھیں۔
تصویر: picture-alliance/empics/D. Lawson
میرکل کی پہلی شادی
میگھن میرکل کی پہلی شادی ایک فلم پروڈیوسر سے ہوئی، جو 2010 سے 2013 تک چلی۔ میرکل کا اپنا ایک لائف اسٹائل بلاگ بھی تھا، جو انہوں نے کچھ عرصہ قبل بند کیا۔ اس بلاگ میں وہ خود کو آزاد قرار دیا کرتی تھیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Invision/J. Strauss
ملکہ الزبیتھ کی آشیرباد
بیکنگھم پیلس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ شہزادہ ہیری اور میگھن میرکل کی خوشیوں کے لیے دعاگو ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ روایتی طور پر شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کی شادی کے لیے ملکہ کی اجازت ضروری ہے۔ تاہم ملکہ کی آشیرباد یہ بتا رہی ہے کہ برطانوی شاہی خاندان کی روایات بھی بدل رہی ہیں، کیوں کہ کسی طلاق یافتہ فرد سے شاہی فرد کی شادی کچھ عرصہ پہلے تو سوچی بھی نہیں جا سکتی تھی۔
تصویر: Imago/ZUMA Press
10 تصاویر1 | 10
اپنے بیان میں شاہی جوڑے نے کہا ہے کہ شمالی امریکا میں اپنا کچھ وقت گزارنے سے انہیں شاہی روایت کے ساتھ اپنا تعلق محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے لیے بھی کچھ وقت مل جائے گا۔
انہوں نے کہا، ”یہ جغرافیائی توازن ہمیں اپنے شاہی روایت کی تعریف کے ساتھ اپنے بیٹے کی پرورش کرنے کے قابل بنائے گا جس میں وہ پیدا ہوا تھا، اور ساتھ ہی ہمارے اہل خانہ کو اگلے باب پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔"
بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ ڈیوک اور ڈچز کے ساتھ ان کے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے فیصلے پر بات چیت 'ابتدائی مرحلے میں‘ تھی۔ ملکہ برطانیہ کی ایک ترجمان نے کہا، ''ہم ان کے مختلف انداز اختیار کرنے کی خواہش کو سمجھتے ہیں، لیکن یہ پیچیدہ معاملات ہیں جن پر کام کرنے میں وقت لگے گا۔"
گزشتہ برس شہزادہ ہیری نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے بعض امور پر اختلافات ہیں۔ شہزادہ ولیم شاہی تخت کی دعویداری میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ 35 سالہ شہزادہ ہیری شاہی تخت کے حقدار کے طور پر فی الحال چھٹے نمبر پر ہیں۔ ہیری اور میگھن کے بعض برطانوی اخبارات کے ساتھ بھی تعلقات کشیدہ ہیں۔