پشاور ميں خود کش حملہ ، سينئر پوليس افسر ہلاک
24 نومبر 2017پاکستانی صوبہ خيبو پختونخوا کے ايڈيشنل انسپکٹر جنرل اشرف نور اور ان کے محافظ آج بروز جمعہ اس وقت ہلاک ہو گئے، جب وہ اپنی گاڑی ميں دفتر جا رہے تھےکہ ايک خود کش بمبار نے اپنی موٹر سائيکل سے ان کی گاڑی کو نشانہ بنايا۔ دھماکے ميں نور اور ان کے محافظ موقع پر ہی مارےگئے جبکہ پانچ ديگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ صوبائی پوليس چيف صلاح الدين محسود نے خبر رساں ادارے اے ايف پی سے بات چيت کرتے ہوئے بتايا کہ زخمی ہونے والوں ميں تين پوليس اہلکار شامل ہيں، جو اس وقت ہسپتال ميں زير علاج ہيں۔
پاکستانی وزير اعظم شاہد خاقان عباسی نے اس واقعے کی سخت الفاظ ميں مذمت کی ہے۔ انہوں نے آج ہی جاری کردہ اپنے بيان ميں کہا، ’’دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے ہمارے ارادے مضبوط ميں اور وہ کمزور نہيں ہوں گے۔‘‘
پشاور پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خيبر پختونخوا کا دارالحکومت ہے۔ يہ شہر ايک عرصے سے دہشت گردوں کے نشانے پر رہا ہے جبکہ انسانوں اور منشيات کے اسمگلر بھی وہاں سرگرم ہيں۔