پنجاب ميں سيلاب کی صورتحال بہتر، پانی کا بہاؤ سندھ کی جانب
13 ستمبر 2025
حکام نے بتايا ہے کہ دريائے ستلج اور چناب ميں سيلابی پانی کم ہو رہا ہے جب کہ قريبی گاؤں شجاع آباد اور لياقت پور کے جانب پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔ پانی کا بہاؤ اب صوبہ سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے۔
پاکستان صوبے پنجاب کے مشرقی حصے ميں سات لاکھ کے قريب آبادی والے علاقے جلالپور پير والا کے پاس سيلابی صورتحال ميں بہتری آ رہی ہے اور آئندہ اڑتاليس گھنٹوں ميں دريائی پانی کی سطح ميں کمی متوقع ہے۔ خبر رساں ايجنسی ايسوسی ايٹڈ پريس کی ملتان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ڈيزاسٹر مينجمنٹ اتھارٹی نے اس پيش رفت کی تصديق کر دی ہے۔
البتہ دو قريبی گاؤں شجاع آباد اور لياقت پور کی طرف پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے اور ريسکيو حکام کل شام سے متاثرہ علاقوں سے مکينوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہيں۔
جلالپور پير والا ميں گزشتہ ہفتے سيلاب سے کئی ديہات متاثر ہوئے۔ نتيجتاً ہزاروں افراد کی نقل مکانی بھی عمل ميں آئی۔ حکام نے خبردار کيا تھا کہ چناب اور ستلج ميں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے، جس کے بعد علاقہ مکينوں نے ہنگامی بنيادوں پر محفوظ مقامات کا رخ کيا۔ اب البتہ جمعے کی شام کی اطلاعات کے مطابق آئندہ دو ايام ميں پانی کی سطح خاطر خواہ کم ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان ميں گزشتہ قريب ايک ماہ کے دوران شديد بارشوں اور بھارتی ڈيموں کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے سيلابی ريلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان ميں چار ہزار ديہات اور لگ بھگ پينتاليس لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہيں جبکہ صرف پنجاب ميں ہی ايک سو افراد کی جانيں بھی ضائع ہو چکی ہيں۔ جون کے اواخر سے سیلابوں سے ملک بھر ميں 950 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستانی ڈيزاسٹر مينجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان مظہر حسين نے بتايا کہ ستلج اور چناب ميں پانی کم ہو رہا ہے جب کہ پانی کا بہاؤ اب جنوبی صوبہ سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ واضح رہے کہ سن 2022 کے تناہ کن سيلابوں نے سب سے زيادہ تباہی سندھ ميں ہی مچائی تھی۔ موسمياتی تبديليوں کے سبب آنے والے سيلابوں سے ملک بھر ميں 1,739 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
سرکاری دورے
وزير اعلی پنجاب مريم نواز کے احکامات پر ان کی کابينہ کی سينئر وزير مريم اورنگ زيب نے جلالپور پير والا کا دورہ کيا اور ريسکيو اور ريليف کارروائيوں کا معائنہ کيا۔ مقامی افراد مريم اورنگ زيب کے شکر گزار دکھائی ديے۔
وزير اعلیٰ پنجاب مريم نواز نے بھی جمعے کو لياقت پور کا دورہ کيا اور فلاحی کاموں کو سراہا۔ انہوں نے حکم جاری کيا کہ ريسکيو ٹيموں کے ليے فوری طور پر لائف جيکٹس کا بندوبست کيا جائے۔ قبل ازيں جلالپور پيروالا اور رحيم يار خان ميں ريسکيو کی دو کشتياں الٹنے کے واقعے ميں اٹھارہ افراد مارے گئے تھے۔
عاصم سليم اے پی کے ساتھ