پندرہ سالہ بھارتی لڑکی کو ریپ کے بعد آگ لگا دی گئی
8 مارچ 2016نئی دہلی سے منگل آٹھ مارچ کے روز موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق اس جرم کا ارتکاب ملکی دارالحکومت کے مضافات میں ایک گاؤں میں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی نابالغ لڑکی کے گھر پر کیا گیا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے یادرام سنگھ نامی ایک پولیس کانسٹیبل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس جرم کے سلسلے میں ایک بیس سالہ مشتبہ مرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم پر شبہ ہے کہ اس نے اس لڑکی کو نئی دہلی کے مضافاتی علاقے نوئیڈا کے نزدیک تِگڑی نامی گاؤں میں اس کے والدین کے گھر کی چھت پر پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر جان سے مار دینے کی نیت سے اسے آگ لگا دی۔
لڑکی کے والدین نے پولیس کو جو رپورٹ درج کرائی ہے، اس میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح انہوں نے پیر سات مارچ کے روز طلوع آفتاب سے قبل پہلے گھر کی چھت سے اپنی بیٹی کی چیخ و پکار سنی اور جب موقع پر پہنچے تو اسے جسمانی طور پر بری طرح جلی ہوئی حالت میں پایا۔
اس جرم کی مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ صرف اتنا کہا گیا ہے کہ یہ لڑکی اس وقت نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہے، جہاں وہ بری طرح جلے ہونے کی وجہ سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ یہ تازہ ترین واقعہ بھارت میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پولیس کو رپورٹ کیے گئے ان متعدد واقعات میں سے ایک ہے، جن میں عورتوں یا نابالغ لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔