1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پورا جوہڑ غائب، جغرافیائی تبدیلی یا کرامات

امجد علی26 نومبر 2013

بوسنیا ہیرسیگووینا کے ایک گاؤں سانیچا کے باہر ایک جوہڑ تھا جس کے کنارے قطار در قطار بید کے درخت لگے تھے اور وہاں بچے مچھلیاں پکڑا کرتے تھے۔ اب زمین اس جوہڑ کو اس کے پانی، مچھلیوں اور کنارے پر لگے درختوں سمیت نگل چکی ہے۔

یکم نومبر 2010ء کو جرمن شہر شمال کالڈن میں زمین میں اچانک بننے والے ایک 30x40 میٹر بڑے گڑھے کے باعث سڑک کا ایک حصہ اور ایک کار گڑھے میں گر گئی
یکم نومبر 2010ء کو جرمن شہر شمال کالڈن میں زمین میں اچانک بننے والے ایک 30x40 میٹر بڑے گڑھے کے باعث سڑک کا ایک حصہ اور ایک کار گڑھے میں گر گئیتصویر: picture-alliance/dpa

بیس میٹر قُطر کا آٹھ میٹر گہرا یہ جوہڑ اب ایک پچاس میٹر چوڑے اور تیس میٹر گہرے دیو ہیکل گڑھے کی شکل اختیار کر چکا ہے، جسے دیکھ کر ہول آتا ہے۔ اس گاؤں کے باسی جب اپنے پرانے جوہڑ کی جگہ اس ہیبت ناک گڑھے کو دیکھتے ہیں تو انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آتا۔ یہ سارا منظر کسی سائنس فکشن فلم کا حصہ معلوم ہوتا ہے کہ کیسے ایک گہرے گڑھے نے پانی، اُس میں موجود مچھلیوں، حتیٰ کہ آس پاس کے تمام درختوں کو بھی نگل لیا۔

اس گاؤں کے ایک باسی جمال حسن نے بتایا: ’’اِس واقعے سے صرف ایک روز قبل مَیں یہاں بیٹھا پلم برینڈی کی چُسکیاں لگا رہا تھا کہ یکایک ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔ مچھلیوں نے اچھلنا کودنا شروع کر دیا اور بید کا بڑا درخت یوں غائب ہوا، جیسے اُسے کسی نے ہُک ڈال کر جھٹکے سے زمین کے اندر کھینچ لیا ہو۔‘‘

جوہڑ کے زمین میں غائب ہو جانے اور وہاں ایک بہت بڑا گڑھا بن جانے کے حوالے سے گاؤں میں کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیںتصویر: AP

بوسنیا ہیرسیگووینا کے اس دور افتادہ گاؤں میں یہ واقعہ کوئی دو ہفتے قبل پیش آیا تھا۔ تب سے اس گاؤں کے باسی ایک سکتے کی سی کیفیت میں ہیں۔ وہ حیرت سے یہ ڈراؤنا منظر دیکھ رہے ہیں کہ اُن کا چھوٹا سا جوہڑ نہ صرف ایک بڑے اور گہرے سوراخ کی شکل اختیار کر چکا ہے بلکہ اس سوراخ کا قُطر بھی مسلسل بڑھتا چلا جا رہا ہے۔

سائنسدان کہتے ہیں کہ جوہڑوں یا چھوٹی چھوٹی جھیلوں کا یوں اچانک غائب ہو جانا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ زیر زمین پانی کے چشموں کا خشک ہو جانا یا پھر فراہمی آب کے عمل کے دوران مٹی کی تہوں میں کسی تبدیلی کا رونما ہو جانا اس کا سبب ہو سکتا ہے۔

تاہم اس گاؤں کے باسی اپنے جوہڑ کے غائب ہو جانے کی سائنسی توجیہات نہیں کر رہے بلکہ اسے کچھ اور ہی عوامل کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔ ایک نے کہا کہ ’ہو سکتا ہے کہ کسی بہت بڑی زیر زمین غار کے دروازے کھل گئے ہوں یا نیچے کوئی آتش فشاں پہاڑ ہو‘۔

دیہاتیوں میں مقبولِ عام ایک اور نظریہ، جسے سائنسدان اور دیگر رَد کرتے ہیں، یہ ہے کہ گاؤں کے چھوٹے سے جوہڑ میں کسی مچھلی کی حرکت کے نتیجے میں دوسری عالمی جنگ کے دور کے اُن بہت سے اَن پھٹے بموں میں سے کوئی ایک بم پھٹ گیا ہو گا، جنہیں جنگ کے بعد ایک بوڑھی خاتون نے جوہڑ میں پھینک دیا تھا۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ تالابوں یا جھیلوں کے پانی کا غائب ہو جانا اور اُن کی جگہ پر بڑے بڑے گڑھے وجود میں آ جانا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہےتصویر: picture-alliance/dpa

’پاتال‘ کے کنارے کھڑے جمال حسن نے اُس بوڑھی خاتون کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی اُس وقت ہلاک ہو گئی تھی، جب ایک بم اُس کے ہاتھوں ہی میں پھٹ گیا تھا۔

ایک اور پُر اَسرار توجیہ یہ پیش کی جا رہی ہے کہ ایک ماہ پہلے انتقال کر جانے والا اس جوہڑ کا مالک اِسے اپنے ساتھ لے گیا ہے۔ گاؤں کے ایک باسی رزاق موتانِچ نے بتایا: ’’حسن نے مرنے سے چند ہی روز پہلے کہا تھا کہ جب مَیں مروں گا تو سب کچھ اپنے ساتھ لے جاؤں گا۔ جس رات اُس کا انتقال ہوا، اُس کی بیٹی نے اُسے جوہڑ کے کنارے چلتے دیکھا تھا۔‘‘

ایک اور دیہاتی حسین نانِچ نے کہا کہ جوہڑ کا اس طرح سے غائب ہو جانا اس بات کی بھی علامت ہو سکتی ہے کہ آخرت قریب آ گئی ہے: ’’روزِ محشر سے پہلے ہر طرح کے معجزے رونما ہونے لگتے ہیں۔‘‘

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں