1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہانڈونیشیا

پوپ فرانسس انڈونیشیا کی مسجد استقلال میں خطاب کریں گے

27 اگست 2024

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس اگلے ہفتے ایشیا کا دورہ کریں گے، جس کی ابتدا انڈونیشیا کی مشہور استقلال مسجد سے ہو گی۔

Rom Generalaudienz | Papst Franziskus I.
تصویر: Pressebildagentur ULMER/picture alliance

ستاسی سالہ پوپ انڈونیشیا کے سرکاری طور پر تسلیم شدہ چھ مذاہب کے نمائندوں کے ساتھ ایک بین المذاہب میٹنگ کریں گے۔ اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک کو اس وقت رواداری کے اپنے دیرینہ امیج کو بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے۔

پوپ فرانسس، جو صحت کے متعدد مسائل سے دوچار ہیں اور وہیل چیئر پر انحصار کرنے لگے ہیں، کا چار ممالک کے دورے کے دوران مصروف ترین شیڈول ہے۔ وہ 3 ستمبر کو جکارتہ سے اپنے سفر کا آغاز کریں گے، جہاں وہ انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو سے ملاقات کریں گے۔

’ہم جنس پرست ہونا کوئی جرم نہیں،‘ پوپ فرانسس

سیکس ایک ’خوبصورت شے‘ ہے، پوپ فرانسس

مذہبی مکالمے کو فروغ دینے کے لیے معروف پوپ فرانسس استقلال مسجد میں اسلام، بدھ مت، کنفیوشس ازم، ہندو مت، کیتھولک اور پروٹسٹنٹ ازم کے مندوبین سے ملاقات کریں گے۔ انڈونیشیا کا آئین مؤخر الذکر دونوں کو الگ الگ مذاہب کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔

ملک کی 280 ملین آبادی میں سے تقریباً 87 فیصد مسلمان ہیں، تاہم، یہ فلپائن اور چین کے بعد ایشیا میں تیسرا سب سے بڑا مسیحی آبادی والا ملک ہے۔ کل آبادی کا 2.9 فیصد کیتھولک ہے۔

استقلال مسجد، جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد ہےتصویر: Achmad Ibrahim/AP Photo/picture alliance

مذاہب، نسلوں اور عقائد کے درمیان اشتراک کی کوشش

استقلال مسجد، جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد ہے، جو 22 ایکڑ پر محیط ہے۔ اس کا نام ڈچ استعمار کے خلاف ملک کی لڑائی کی مستقل یاد دہانی ہے جنہوں نے اس پر تقریباً 350 سال حکومت کی۔ مسجد کے سامنے رومن کیتھولک نیو گوتھک آور لیڈی آف دی ایسمپشن کیتھیڈرل واقع ہے۔ سرکاری ویب سائٹس کے مطابق، دونوں عبادت گاہوں کی قربت اس بات کی علامت ہے کہ مذاہب کس طرح پرامن طریقے سے ایک ساتھ رہ سکتے ہیں۔

مسجد اور کیتھیڈرل ایک انڈر پاس سے مربوط ہیں جسے "دوستی کی سرنگ" کہا جاتا ہے، جس کی لمبائی تقریباً 28 میٹر ہے اور اسے مذہبی رواداری کی علامت کے لیے مصافحہ کی شکل میں بنایا گیا ہے۔ توقع ہے کہ پوپ اس سرنگ سے گزریں گے۔

استقلال مسجد کے بڑے امام نصرالدین عمر نے ایسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ فرانسس کا انڈونیشیا کو اپنے ایشیائی دورے کے پہلے پڑاؤ کے طور پر منتخب کرنا "مسلم کمیونٹی کے لیے باعث فخر" ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوپ کے دورے کا استعمال "مذہبی برادریوں کے درمیان مشترکہ بنیاد پر بات کرنے اور مذاہب، نسلوں اور عقائد کے درمیان اشتراک پر زور دینے کے لیے کریں گے۔"

عمر نے تسلیم کیا کہ انڈونیشیا جیسا "بڑھتا ہوا کثیر معاشرہ" والے ملک کو مزید چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ ہم خدا کے تحت اکٹھے رہتے ہیں۔

انڈونیشیا کا آچے صوبہ اسلامی شرعی قوانین پر عمل کرتا ہےتصویر: Fachrul Reza/NurPhoto/picture alliance

انڈونیشیا کو عدم رواداری کے چیلنجز کا سامنا

اگرچہ انڈونیشیا کا آئین مذہب کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، تاہم پچھلے کئی سالوں سے، ایک اعتدال پسند مسلم ملک کے طور پر اس کی امیج عدم برداشت کے واقعات سے متاثر ہوئی ہے۔

انڈونیشیا: پہلی مرتبہ کتوں اور بلیوں کے گوشت پر پابندی

انڈونیشیا نے غیر ازدواجی جنسی تعلق قانوناً جرم قرار دے دیا

جکارتہ کے عیسائی گورنر کو توہین مذہب کے الزام میں قید کرنے سے لے کر، جس کے نتیجے میں 2016 میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا، آچے میں ہم جنس پرست مردوں کو سزائیں اس کی مثال ہیں۔ آچے ایک ایسا صوبہ ہے جو اسلامی شریعت کے اپنے نظریے پر عمل کرتا ہے۔ اس کے ساتھ مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد کی بھی اطلاعات ہیں، اور کچھ مذہبی گروہ عبادت گاہوں کے لیے تعمیراتی اجازت نامے حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

دریں اثنا، کالج کی ایک 23 سالہ طالبہ کینتیکا سیامسینور، جو استقلال مسجد میں نماز ادا کر کے گرجا گھرکی طرف جا رہی تھی، نے پوپ کے دورے اور بین المذاہب میٹنگ کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا انڈونیشیا میں بہت سے مذاہب ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہم ایک دوسرے کا احترام کریں گے۔"

پوپ فرانسس انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے تیسرے پوپ ہوں گے۔ یہ دورہ اصل میں 2020 کے لیے طے کیا گیا تھا لیکن کووڈ وبا کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔

ج ا ⁄  ص ز (اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں