1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہانڈونیشیا

پوپ فرانسس کا انڈونیشیا میں مذہبی انتہاپسندی کے خلاف انتباہ

4 ستمبر 2024

پوپ فرانسس نے دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے مسلم ملک انڈونیشیا کے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ مذہبی انتہا پسندی سے بچیں، جو ان کے بقول ’’فریب اور تشدد‘‘ کے ذریعے لوگوں کے مذہبی عقائد کو مسخ کرتی ہے۔

انڈونیشیا میں پوپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جوکو ویدودو نے پوپ کی اُن کوششوں کا شکریہ ادا کیا، جو وہ غزہ جنگ میں جنگ بندی کے لیے کر رہے ہیں
انڈونیشیا میں پوپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جوکو ویدودو نے پوپ کی اُن کوششوں کا شکریہ ادا کیا، جو وہ غزہ جنگ میں جنگ بندی کے لیے کر رہے ہیںتصویر: Muchlis Jr/Indonesia Presidency

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس جنوب مشرقی ایشیا کے 12 روزہ دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے آج بدھ چار ستمبر کو انڈونیشیا میں اپنا پہلا خطاب کیا۔ اس خطے میں مسیحی علاقائی آبادی کے لحاظ سے ایک چھوٹی سی اقلیت ہیں۔ اسی تناظر میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ کیتھولک چرچ انتہا پسندی کو کم کرنے میں مدد کے لیے بین المذہبی مکالمے کی جانب اپنی کوششوں میں اضافہ کرے گا۔

 87 سالہ پوپ کا جکارتہ کے صدارتی محل میں تقریباً 300 سیاست دانوں اور مذہبی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا، ''اس طرح مکالمت سے تعصبات کو ختم کیا جا سکتا ہے اور باہمی احترام کے ساتھ ساتھ اعتماد کی فضا پروان چڑھ سکتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''یہ مشترکہ چیلنجز بشمول انتہا پسندی اور عدم برداشت کا مقابلہ کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ انتہاپسند عناصر مذہب میں تحریف کے ذریعے فریب اور تشدد کا سہارا لے کر اپنے نظریات مسلط کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

پوپ فرانسس کی گاڑی جب صدارتی محل پہنچی تو وہاں موجود ہجوم نے ویٹی کن اور انڈونیشیا کی جھنڈیوں کو لہراتے ہوئے ان کا استقبال کیاتصویر: INDONESIA PAPAL VISIT COMMITTEE

پوپ فرانسس انڈونیشیا کی مسجد استقلال میں خطاب کریں گے

انڈونیشیا کی آبادی تقریباً 280 ملین نفوس پر مشتمل ہے اور ایک اندازے کے مطابق ان میں سے 87 فیصد مسلمان ہیں۔ ملک کے آئین میں مذہب کی آزادی کی ضمانت دی گئی ہے۔

انڈونیشیا میں پوپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جوکو ویدودو نے پوپ کی اُن کوششوں کا شکریہ ادا کیا، جو وہ غزہ جنگ میں جنگ بندی کے لیے کر رہے ہیں۔ صدر ویدودو 10 برس اقتدار میں رہنے کے بعد اکتوبر میں سبکدوش ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ''انڈونیشیا ویٹی کن کے اس رویے کو سراہتا ہے، جو فلسطین میں امن کے لیے آواز اٹھاتا ہے اور اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔‘‘

پوپ فرانسس کی گاڑی جب صدارتی محل پہنچی تو وہاں موجود ہجوم نے ویٹی کن اور انڈونیشیا کی جھنڈیوں کو لہراتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔

انڈونیشیا کے وزیر خارجہ ریٹنو مرسودی نے صحافیوں کو بتایا کہ پوپ فرانسس اور صدر ویدودو نے اپنی ملاقات میں غزہ جنگ کے بارے میں خاص طور پر بات نہیں کی بلکہ عام طور پر جاری تنازعات اور ''امن کی اہمیت‘‘ کے بارے میں گفتگو کی گئی ہے۔

پوپ فرانسس انڈونیشیا کے بعد پاپوا نیو گنی، مشرقی تیمور اور سنگاپور بھی جائیں گے۔

ا ا / ا ب ا (روئٹرز، اے ایف پی)

پوپ فرانسس کی گاڑی جب صدارتی محل پہنچی تو وہاں موجود ہجوم نے ویٹی کن اور انڈونیشیا کی جھنڈیوں کو لہراتے ہوئے ان کا استقبال کیاتصویر: INDONESIA PAPAL VISIT COMMITTEE
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں