1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پوپ لیو کا استنبول کی تاریخی نیلی مسجد کا دورہ

رابعہ بگٹی روئٹرز
29 نومبر 2025

پوپ لیو چہارم نے ہفتے کے روز استنبول کی تاریخی سلطان احمد مسجد (نیلی مسجد) کا دورہ کیا۔ مسلمانوں کے مذہبی عقیدے کے احترام میں انہوں نے مسجد میں داخل ہونے سے پہلے جوتے اتارے اور خاموشی سے چند لمحے کھڑے رہے۔

پوپ لیو کی دورہ ترکی کے دوران صدارتی محل میں صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کرتے ہوئے۔
پوپ لیو کی دورہ ترکی کے دوران صدارتی محل میں صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کرتے ہوئے۔تصویر: Yara Nardi/REUTERS

تاہم مسیحیوں کے اس روحانی پیشوا نے نیلی مسجد کے اندار کسی رسمی مذہبی عمل میں شرکت نہیں کی۔

 یہ دورہ پوپ لیو کے پہلے غیر ملکی سرکاری سفر کا حصہ ہے، جو رواں سال مئی میں پوپ منتخب ہونے کے بعد شروع ہوا۔ چھ روزہ اس سفر کا آغاز ترکی سے ہوا ہے، جہاں وہ تین دن قیام کر رہے ہیں۔

آج بروز ہفتہ نیلی مسجد کے مفتی نے خود پوپ کا استقبال کیا اور انہیں مسجد کے وسیع صحن اور اندرونی حصے کی سیر کرائی۔ یہ مسجد ایک ساتھ دس ہزار نمازیوں کی گنجائش رکھتی ہے۔ پوپنے مفتیِ اعظم کے ساتھ گرمجوشی سے گفتگو کی اور مسجد کی فنِ تعمیر کی تعریف کی۔

سلطان احمد مسجد، جسے استنبول، ترکی کی نیلی مسجد بھی کہا جاتا ہے۔تصویر: Alex Anton/Zoonar/picture alliance

آیا صوفیہ کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ

نیلی مسجد سے چند سو میٹر کے فاصلے پر واقع عالمی شہرت یافتہ آیا صوفیہ (حاجیہ صوفیہ) کا پوپ لیو نے دورہ نہیں کیا۔ تقریباً پندرہ سو سال پرانی اور مسیحی دنیا کی سب سے اہم گرجا گھر رہنے والی اس عمارت کو 1935ء میں ترکی کی سیکولر جمہوریہ نے ایک میوزیم قرار دے دیا تھا، تاہم 2020ء میں صدر رجب طیب ایردوان کے حکم پر اسے دوبارہ مسجد میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔

ویٹیکن نے پوپ کے اس فیصلے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔ یاد رہے کہ پوپ فرانسس نے 2014ء میں ترکی کے دورے کے دوران آیا صوفیہ کا دورہ کیا تھا اور 2020 میں اسے مسجد میں تبدیل کرنے پر گہری تشویش ظاہر کی تھی۔

آیا صوفیہ (حاجیہ صوفیہ) کے اندرونی احاطے کا ایک منظرتصویر: Murat Sengul/Anadolu Agency/IMAGO

 بین المذاہب ہم آہنگی پر زور

جمعے کو استنبول میں مشرق وسطیٰ کے مسیحی رہنماؤں کے ساتھ ایک تقریب سے خطاب میں پوپ لیو نے مذہب کے نام پر تشدد کی شدید مذمت کی اور تمام مسیحی فرقوں پر زور دیا کہ وہ صدیوں پرانی تقسیم کو ختم کر کے اتحاد کی طرف بڑھیں۔

ویٹیکن کے مطابق اس سفر کے دونوں مراحل (ترکی اور لبنان) کے لیے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سفر کا بنیادی مقصد بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینا اور مشرق وسطیٰ کے سنگین چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کا عزم ظاہر کرنا ہے۔

ترکی میں تین روزہ قیام کے بعد پوپ لیو اتوار کو لبنان روانہ ہو جائیں گے۔

ادارت: امتیاز احمد

 

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں