پوپ کے دورہء سپین کے موقع پر مظاہروں کا امکان
17 اگست 2011اس چھ روزہ مذہبی اجتماع، ورلڈ یوتھ ڈے کا انعقاد ہر تین برس بعد کیا جاتا ہے۔ پوپ بینیڈکٹ جمعرات کے روز اس اجتماع میں پہنچیں گے۔ وہ جمعہ کو میڈرڈ کے نواحی شہر ال اسکوریال کا دورہ کریں گے۔ ہفتے کو بڑے پیمانے پر گناہوں کے اعتراف اور معافی مانگنے کی تقریب ہو گی، جس کے لیے میڈرڈ کے ریٹیرو پارک میں دو سو خصوصی کیبن رکھ دیے گئے ہیں۔ اجتماع کی اختتامی تقریب اتوار کو منعقد ہو گی، جس میں بیس لاکھ کے قریب افراد کی شرکت متوقع ہے۔
پوپ کے اس دورے کے حوالے سے تیاریاں زور شور سے جاری ہیں تو دوسری جانب بہت سے افراد اس موقع پر احتجاجی مظاہروں کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اقتصادی لحاظ سے اس مشکل وقت میں اس تقریب پر اٹھنے والے اخراجات بلاجواز ہیں۔
دورے کی مخالفت
پاپائے روم کے دورےکی مخالفت کرنے والوں میں "لوس انڈگنیڈوس" تحریک کے اراکین بھی شامل ہیں، جنہوں نے سرکاری اخراجات میں کٹوتیوں، اقتصادی مشکلات اور ملک میں بیروزگاری کی 21 فی صد شرح کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مئی میں دارالحکومت کے مرکزی Puerta del Sol چوک پر قبضہ کر لیا تھا۔ منگل کو اس سلسلے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا جب ہسپانوی پولیس نے کیمسٹری کے ایک تحقیقی طالب علم کو گرفتار کر لیا، جس پر شُبہ ہے کہ وہ پوپ کے دورے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر گیس حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
پوپ کے دورے کی مخالفت کرنے والوں میں سپین کے باغی نوجوانوں کے علاوہ ہم جنس پرست مرد و خواتین، تیسری جنس کے افراد اور دہریے بھی شامل ہیں، جو دورے کے اخراجات کے علاوہ کاروباری سرپرستی پر اعتراض کر رہے ہیں۔
پاپائے روم کے دورے پر احتجاج کا ارادہ رکھنے والے ایک پادری ایوارستو ویلار نے کہا، ’’ہم پوپ کے خلاف احتجاج نہیں کر رہے بلکہ اس چیز کی شکایت کر رہے ہیں کہ بحران اور بیروزگاری کی بلند شرح کے درمیان یہ تقریب انتہائی مہنگی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ایسے ملک میں جہاں پچاس لاکھ افراد بیروزگار ہوں، اس قسم کی تقریبات کی کوئی گنجائش نہیں۔ مخالفین کو ایک اور شکایت یہ ہے کہ پوپ کی زیارت کے لیے آنے والے افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر خصوصی چھوٹ دی جائے گی جبکہ مقامی افراد سے ٹرین یا بس کے ٹکٹ کی 50 فی صد زیادہ قیمت وصول کی جا رہی ہے۔
ورلڈ یوتھ ڈے فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ تقریبات کے دوران کمیونٹی ہالز یا گرجا گھروں میں کیمپ لگانے والے افراد اس کا کرایہ دیں گے، جس سے سرکاری خزانے میں تقریباﹰ ایک سو ملین یورو کی رقم آئے گی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس پر اخراجات بھی سو ملین یورو کے ہی آئیں گے۔ سرکاری ذرائع نے کل اخراجات کے بارے میں نہیں بتایا تاہم پولیس کی ایک خاتون ترجمان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر اخراجات حفاظتی انتظامات پر اٹھیں گے۔ میڈرڈ کی پولیس ٹریڈ یونین نے دورے پر اضافی حفاظتی اقدامات کا تخمینہ 25 لاکھ یورو لگایا ہے۔
ہم جنس پرست مرد و خواتین کی شمولیت
مظاہروں میں ہم جنس پرست مرد و خواتین کے علاوہ اسقاط حمل کے حامی گروپوں کی بڑی تعداد کی شرکت بھی متوقع ہے۔ سپین کے کیتھولک چرچ اور وزیر اعظم لوئیس روڈریگیز ساپاتیرو کی سوشلسٹ حکومت کے درمیان ہم جنس پرستوں کے حقوق اور اسقاط حمل کے معاملات پر اختلاف پایا جاتا ہے۔ سپین 2005 میں ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی حیثیت دینے والا دنیا کا تیسرا ملک بنا تھا۔
اس کے علاوہ چرچ کی مخالفت کے باوجود وزیر اعظم کے حمایت شدہ ایک قانون کے تحت ہم جنس پرست جوڑوں کو بچے لے کر پالنے کی اجازت ملی۔ گزشتہ سال نومبر میں جب پوپ نے بارسلونا کے Sagrada Familia کیتھیڈرل کا دورہ کیا تھا تو ان کے راستے میں سینکڑوں ہم جنس پرست مظاہرین موجود تھے جو سر عام بوس و کنار کرتے رہے۔
رپورٹ: حماد کیانی
ادارت: شادی خان سیف