1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پِٹس برگ میں حملہ: گیارہ یہودی ہلاک، امریکی پرچم سرنگوں

28 اکتوبر 2018

امریکی صدر نے ایک یہودی کنیسہ میں تقریباً ایک درجن یہودیوں کی ہلاکت پر قومی پرچم سرنگوں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پِٹس برگ کی ایک یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Pennsylvania USA Kriminalität l Trauer nach Schüssen an Synagoge in Pittsburgh
تصویر: Getty Images/AFP/B. Smialowski

امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر پِٹس برگ کے ایک یہودی کنیسہ میں داخل ہو کر فائرنگ کرنے والے مسلح شخص رابرٹ بوئرز کو انتیس فوجداری الزامات کا سامنا ہو گا۔ مقامی دفتر استغاثہ نے ملزم پر یہ الزامات عائد کر دیے ہیں اور ان الزامات کے تحت اُسے موت کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔ اُس کی بلا اشتعال فائرنگ سے کم از کم گیارہ افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوئے۔

چھیالیس سالہ رابرٹ بوئرز زخمی ہونے کے بعد پولیس کی تحویل میں رہتے ہوئے ایک ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ بوئرز نے پِٹس برگ کے اس یہودی کنیسہ میں داخل ہو کر بلند آواز میں یہ بھی کہا تھا کہ تمام یہودیوں کو ہلاک ہو جانا چاہیے۔ اُس کے سوشل میڈیا پیج پر ’یہودی شیطان کی اولاد ہیں‘ کی عبارت بھی درج ہے۔

یہ یہودی عبادت گاہ پِٹس برگ کے علاقے اسکُورِل ہِل میں واقع ہے۔ یہ نواحی علاقہ پِٹس برگ کے یہودیوں کی اکثریتی آبادی پر مشتمل ہے۔ جس کنیسہ میں فائرنگ کی گئی، اُس میں ایک نومولود بچے کے نام رکھنے کی مذہبی تقریب جاری تھی۔ اسکُورِل ہِل کا کنیسہ قریب ڈیڑھ سو برس قبل تعمیر کیا گیا تھا اور اس کا نام ’ٹری آف لائف سیناگوگ‘ ہے۔

اسکُورِل ہِل کا کنیسہ قریب ڈیڑھ سو برس قبل تعمیر کیا گیا تھا اور اس کا نام ’ٹری آف لائف سیناگوگ‘ ہےتصویر: picture-alliance/dpa/M. Rourke

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پِٹس برگ کے اس یہودی عبادت خانے میں فائرنگ اور ہلاکتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی صدر نے اس واقعے کو ’بدی کی مثال‘ قرار دیا۔ انہوں نے امریکا کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم کو اکتیس اکتوبر تک سرنگوں رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

صدر ٹرمپ نے فائرنگ کے اس واقعے کو سامیت دشمنی کا شاخسانہ کہنے کے علاوہ ’قاتل کے حملے‘ کو ’سارے امریکا پر حملہ‘ قرار دیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ تمام امریکیوں کو متحد ہو کر سامیت دشمنی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے ایسے جرائم میں ملوث افراد کو موت کی سزا دینے کی حمایت بھی کی۔ امریکی صدر ان دنوں وسط مدتی الیکشن کی مہم کے سلسلے میں ریاست اِلینوئے کے دورے پر ہیں۔

صدر ٹرمپ کے بڑی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سامیت دشمنی کے ایسے واقعات سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ ایوانکا ٹرمپ نے ایک یہودی کاروباری شخصیت جیئرڈ کُشنر سے شادی کر رکھی ہے اور وہ بطور مذہب یہودیت قبول کر چکی ہیں۔

جرمنی میں سامیت دشمنی کے خلاف اقدامات کی منظوری

02:58

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں