1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

پچانوے سالہ خاتون دھوکے بازوں سے زیادہ چالاک نکلی

6 اگست 2020

جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں ایک پچانوے سالہ خاتون نے اپنی ذہانت کا حیرت انگیز استعمال کرتے ہوئے مقامی پولیس کو عام لوگوں کو فون پر دھوکا دے کر ان کی رقوم ہتھیا لینے والے گروہ کی اطلاع کر دی۔

تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Gutierrez

اس بزرگ خاتون کو  منگل کے روز ایک ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں ایک خاتون کا، جو ان کی سہیلی ہونے کا دعویٰ کر رہی تھی، کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے کے باعث ہسپتال میں ہے اور اسے وینٹیلیٹر کے استعمال کے لیے تیس ہزار یورو کی رقم درکار ہے۔ اس خاتون کو فوراﹰ احساس ہو گیا کہ یہ نامعلوم 'سہیلی‘ انہیں بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی تھی۔ اس خاتون نے اس بات کا دھیان رکھتے ہوئے کہ فون کال پر موجود خاتون کو پتا نہ چلے، اپنی طبی دیکھ بھال کرنے والی ایک مددگار سے کہا کہ وہ پولیس کو خبردار کر دے۔

اس خاتون نے پولیس کے آنے تک ٹیلی فون پر اپنی گفتگو جاری رکھی اور اپنی نام نہاد 'سہیلی‘ کو یقین دلایا کہ وہ اس کی مدد کرنے کے لیے اپنے بینک سے بیس ہزار یورو نکلوا رہی ہیں۔ اس دوران پولیس بھی اس خاتون کے گھر پہنچ گئی اور انہیں اشارہ کیا کہ وہ فون پر اپنی گفتگو جاری رکھیں۔ اس کے بعد جعل سازی کرنے والی عورت نے مزید گیارہ ہزار یورو کا مطالبہ کر دیا اور پھر یہ گفتگو ختم ہو گئی۔

اس فون کال کے بعد بزرگ خاتون کو متعدد اور کالیں بھی موصول ہوئیں۔ پہلے ایک شخص نے خود کو پولیس افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے خاتون کے بینک کی جانب سے بڑی رقم نکلوانے کے بارے میں بتایا گیا ہے، اور اس وجہ سے اس خاتون کے خلاف ٹیکس چوری کے شبے میں چھان بین شروع کی جا سکتی ہے۔ اس دوران اس شخص نے گفتگو میں اپنی لیے یہ تسلی بھی کرا لی کہ اس خاتون کے گھر میں پولیس موجود نہیں تھی۔ پھر ایک دوسرے شخص نے خود کو بینک ملازم ظاہر کرتے ہوئے اسی عورت کو فون کیا اور کہا کہ وہ تصدیق کریں کہ انہوں نے ہی بینک سے رقم نکلوائی ہے۔ اس کے بعد اس بزرگ خاتون کو اسی خاتون نے پھر کال کی، جس نے سب سے پہلے مالی مدد کی درخواست کی تھی۔ اس عورت نے بزرگ خاتون خانہ کو بتایا کہ ہسپتال کا ایک ملازم ان کے ہاں رقم لینے کے لیے آ رہا ہے۔

پھر پولیس کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اس شخص کو گرفتار کر لیا، جو رقم لینے کے لیے بزرگ خاتون کے گھر کی طرف جا رہا تھا۔ یہ 47 سالہ دھوکے باز ایک ٹیکسی میں سوار وہاں پہنچا تھا۔

اس واقعے کے بعد ہیمبرگ کی پولیس نے عام شہریوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا، ''عوام ایسے لوگوں سے خبردار رہیں، جو فون پر آپ کے رشتہ دار یا دوست ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ خود کو ایسی کسی صورت حال میں کسی دباؤ میں نہ ڈالیں اور شبہ ہونے پر فون کال فوراﹰ ختم کر دیں۔‘‘

ب ج / م م (ڈی ڈبلیو)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں