پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد ٹرک دب گئے، کم از کم دو افراد ہلاک
18 اپریل 2023یہ حادثہ منگل کو سحری کے وقت پیش آیا۔ نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ کتنے افراد لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ کئی افراد لینڈ سلائیڈ کے نیچے دبے ہو سکتے ہیں۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان مصروف ترین تجارتی راستے پر یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب وہاں تقریباﹰ 120 ٹرک سرحد عبور کرنے سے پہلے انتظار میں کھڑے تھے۔
پولیس اہلکار عشرت خان نے بتایا کہ درجنوں فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار افغان سرحد کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ ٹرک ڈرائیوروں اور دیگر لوگوں کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ بارش کے درمیان آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی۔ اس علاقے میں رات بھر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔
امدادی کارکنوں کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم ایک ٹرک میں فوراﹰ ہی آگ بھڑک اٹھی تھی۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، جب یہ حادثہ پیش آیا، اس وقت متعدد ٹرک ڈرائیور اور ان کے معاونین سحری کے لیے کھانا پکا رہے تھے۔
عشرت خان نے مزید بتایا کہ درجنوں رضاکار بھی متاثرہ جگہ پر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ حکام نے بڑے تودے کو ہٹانے کے لیے بھاری مشینری طورخم روانہ کر دی ہے۔
پاکستان کی حکومت کے پاس بھاری مشینری کی کمی ہے اور یہی وجہ ہے کہ قریبی تعمیراتی منصوبوں کی مشینری جائے حادثہ پر بھیجی گئی ہے۔
سرکاری ریسکیو سروس کے ترجمان بلال فیضی نے کہا کہ دو لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ آٹھ افراد زخمی بھی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا، ''امدادی کارکن بہت محتاط ہیں کیونکہ ایک اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے لیکن وہ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال رہے ہیں۔‘‘
طورخم سرحدی گزرگاہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک اہم تجارتی راستہ ہے۔ یہ ایک ایسا علاقہ ہے، جہاں اکثر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہیں بند ہو جاتی ہیں اور ایسا زیادہ تر پہاڑی علاقے میں ہوتا ہے۔
یہ پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان ایک بڑا تجارتی راستہ بھی ہے۔
ا ا / ع آ (اے پی، اے ایف پی)