پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین
15 دسمبر 2015پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے آفیشل لوگو کی تقریب رونمائی منگل کو لاہور کے فائیو سٹار ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں پی ایس ایل گورننگ کونسل کے چئیرمین نجم سیٹھی کےعلاوہ برانڈ ایمبیسڈر رمیز راجہ، لیگ کے ٹائیٹل اسپانسر حبیب بینک کے نمائندے نوید اصغر اور پانچوں فرنچائز ٹیموں کے مالکان نے بھی شرکت کی۔
پی ایس ایل کے ایک عہدیدار نے اس موقع پر ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ پی ایس ایل کے لیے پانچ آئیکون کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ ان میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، آسٹریلیا کے شین واٹسن، انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور پاکستان کے شاہد آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں۔
ٹیموں کے مالکان کھلاڑیوں کی خریداری اکیس اور بائیس دسمبر کو لاہور کی لمز یونیورسٹی میں ایک ڈرافٹ کے ذریعہ پانچ کٹیگریز میں کریں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈرافٹ میں پہلی پِک کا حق ملا ہے۔ اس کے سبب وہ کرس گیل اور آفریدی سمیت کسی بھی آئیکون پلئیر کو اپنی ٹیم میں سب سے پہلے شامل کرنے کی مجاز ہوگی۔ پانچوں آئیکون کرکٹرز کی قیمت پی سی بی نے دو کروڑ روپے مقرر کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچوں ٹیموں کو دس سال کے لیے تیرانوے ملین ڈالرز میں فروخت کیا ہے۔ سب سے مہنگی ٹیم کراچی کو مشہور ٹی وی چینل اے آر وائی نے چھبیس کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ یہ ٹیم کراچی کنِگز کے نام سے ٹورنامنٹ کھیلے گی۔ لاہور کی ٹیم کو قطر آئل نے پچیس کروڑ میں خریدا اور اس ٹیم کا نام لاہور قلندر رکھا گیا ہے۔ ہائیر گروپ نے پشاور کی ٹیم کا نام پشاور زلمے اور عمر ایسوسی ایٹ نے کوئٹہ ٹیم کا نام کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رکھا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اماراتی کمپنی لی اون کی ملکیت ہوگی۔
پی ایس ایل کے عہدیدار نے بتایا کہ سابق آسٹریلوی کھلاڑی ڈین جونز اسلام آباد یونائیٹڈ اور جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر کراچی کنگز کے کوچ ہوں گے۔ سابق پاکستانی کپتان معین خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ اور انگلینڈ کے ای این پونٹ باؤلنگ کوچ ہوں گے۔ پشاور زلمے نے سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد اکرم کو ہیڈ کوچ اور انگلینڈ کے اینڈی فلاور کو باؤلنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
لاہور قلندر نے سابق کپتان رمیز راجہ کو کرکٹ ڈائریکٹر مقرر کیا ہے، شاہد اسلم لاہور ٹیم کے کوچ ہوں گے۔ دریں اثناء لوگو کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے چئیرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بڑا دن ہے، ’’میں آج چاند پر پہنچ گیا ہوں۔‘‘ نجم سیٹھی نے پاکستانی ذرائع ابلاغ سے کہا کہ وہ پی ایس ایل پر نکتہ چینی کرتے ہوئے ہاتھ ہلکا رکھیں۔ نجم سیٹھی کے مطابق اگلے سال سے پاکستان سُپر لیگ کے میچز پاکستان میں بھی کرائیں گے۔
اس موقع پرسابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ایک اور عظیم سفر شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں دنیا کی بہترین کرکٹ لیگ بننے کی اہلیت موجود ہے۔
پی ایس ایل کا افتتاحی میچ چار فروری کو دبئی میں کوئٹہ اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان ہوگا جبکہ فائنل میچ تئیس فروری کو ہوگا۔ پہلے فائنل کے لیے چوبیس فروری کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن منتظیمن نے اس روز بنگلہ دیش میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ شروع ہونے کی وجہ سے لیگ کا شیڈول تبدیل کردیا۔