1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلی عالمی جنگ اور جرمن نوجوانوں کی دلچسپی

جینٹ زائفرٹ / عدنان اسحاق24 جنوری 2014

اگرچہ جرمن اسکولوں میں پہلی عالمی جنگ کے موضوع کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی تاہم ایک تازہ جائزے میں یہ حیرت انگیز نتائج سامنے آئے ہیں کہ 30 سال سے کم عمر کے 77 فیصد نوجوان اس جنگ سے جڑے واقعات میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

Ausstellung "100 Jahre erster Weltkrieg"
تصویر: picture-alliance/dpa

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ٹیلی وژن، اخبارات اور انٹرنیٹ ویب سائٹس پر 1914ء کا تذکرہ بھرپور انداز میں کیا جا رہا ہے۔ فلمیں دکھائی جا رہی ہیں، نمائشیں منعقد کی جا رہی ہیں اور اداریے لکھے جا رہے ہیں۔ پہلی عالمی جنگ کی ابتدا 1914ء کے موسم گرما میں ہوئی تھی۔ فورسا نامی ایک ادارے کی جانب سے کرائے جانے والے ایک جائزے کے مطابق اس سال اس جنگ کے آغاز کے سو سال پورے ہو رہے ہیں اور لوگ اس موضوع میں بہت زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

کیا وجہ ہے کہ سو سال قبل رونما ہونے والے اس واقعے میں نوجوانوں کی دلچسپی اتنی زیادہ ہے؟ اس بارے میں ایک ماہر نفسیات کارلوس کوئلبل کہتے ہیں کہ ’’اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ شاید طلباء کو اسکولوں میں پہلی عالمی جنگ کے بارے میں کم بتایا جاتا ہو اور وہ اس موضوع کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہوں‘‘۔ کوئلبل نوجوانوں میں تاریخ کے بارے میں شعور کے موضوع پر تحقیق کر رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ جہاں دوسری عالمی جنگ کے بارے میں یہ بات واضح ہے کہ اسے جرمنی ہی نے شروع کیا تھا، وہاں پہلی عالمی جنگ میں یہ بات اتنی وضاحت کے ساتھ نہیں کہی جا سکتی اور شاید پہلی عالمی جنگ میں نوجوانوں کی دلچسپی کی بھی یہی وجہ ہو سکتی ہے۔ اُن کے خیال میں شاید یہ بات نوجوانوں کے لیے کم نفسیاتی دباؤ کا باعث بنتی ہو گی۔

تصویر: picture-alliance/Rolf Haid

جرمنی نے یکم ستمبر 1939ء کو پولینڈ پر حملہ کرتے ہوئے دوسری عالمی جنگ کا آغاز کیا تھا۔ کوئلبل کے مطابق ’آسٹریلوی تاریخ دان کرسٹوفر کلارک نے اپنی کتاب ’ Sleepwalkers ‘ میں لکھا ہے کہ پہلی عالمی جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری صرف جرمنی پر عائد نہیں ہوتی‘۔

جرمن درس گاہوں میں دوسری عالمی جنگ اور نازی سوشلسٹوں کے بارے میں تو زیادہ تفصیل سے بتایا جاتا ہے اور یہ موضوعات غالب دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے برعکس 1914ء اور 1918ء کے درمیان رونما ہونے والے واقعات کو کم ہی موضوع بنایا جاتا ہے۔ فورسا کے جائزے کے مطابق خاص طور پر 14 سے 29 سال کے درمیانی عمر کے جرمن نوجوان ماضی میں رونما ہونے والے ان واقعات کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ نوجوان سماجی ویب سائٹس، فیس بک ٹویٹر اور گوگل پلس پر بھی اس موضوع پر ہونے والی بات چیت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

تاریخ کے اساتذہ کی تنظیم کے سربراہ اور نصابی کتب کے مصنف اُلرش بونگیرٹ مان کہتے ہیں کہ ان کے تجربے کی روشنی میں نوجوان اس موضوع کے حوالے سے بہت آزادانہ سوچ رکھتے ہیں۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ تاریخ کے حوالے سے لڑکے اور لڑکیاں ایک دوسرے سے مختلف انداز میں سوچتے ہیں۔ اسی طرح ایک جرمن طالب علم کی اس موضوع میں دلچسپی ترک، روسی یا سرب پس منظر رکھنے والے طالب علموں سے مختلف ہوتی ہے۔ بونگیرٹ مان کہتے ہیں، ’’یہ ان موضوعات میں سے ایک ہے، جن میں متنازعہ نظریات اور مختلف آراء کو درس و تدریس کا حصہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ کتاب کے کسی ایک صفحے پر یا 45 منٹ کے کسی ایک لیکچر میں یہ تفصیل نہیں سموئی جا سکتی کہ اصل قصور وار کون تھا‘۔

تصویر: picture-alliance/akg

بونگیرٹ مان مزیدکہتے ہیں کہ اسکول کے اندر دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے لڑکے لڑکیاں موجود ہوتے ہیں۔ ایسے میں درس و تدریس تاریخی واقعات کو مختلف زاویوں سے سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اُلرش بونگیرٹ مان کا کہنا ہے کہ ایسی کئی چیزیں ہیں، جن کو پہلی عالمی جنگ کے ساتھ جوڑا جا سکتا ہے تاہم ان کے بقول اس معاملے میں بہت زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ وہ مثال دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر عثمانی دور میں آرمینیا میں ہونے والے جنگی جرائم کا ذکر کیا جائے تو یہ بات کسی ترک طالب علم کے لیے ناقابل برداشت ہو گی کیونکہ ترکی میں اس موضوع پر بات ہی نہیں کی جاتی۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں