1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہفرانس

پیرس، 'پاولیوں ڈے سوغس' منہدم نہیں کی جائے گی

10 فروری 2024

فرانسیسی وزیر کا کہنا ہے کہ اس عمارت کو اس کی موجودہ جگہ سے کچھ فاصلے پر منتقل کیا جائے گا، اور اس کی جگہ ایک تحقیقی سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔

پیرس میں واقع 'پاولیوں ڈے سوغس'
پیرس میں واقع 'پاولیوں ڈے سوغس'تصویر: Firas Abdullah/abaca/picture alliance

فرانس کی وزیر ثقافت رشیدہ دتی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیرس میں واقع 'پاولیوں ڈے سوغس' نامی عمارت کو مہندم کرنے کا فیصلہ تبدیل کر دیا گیا ہے، اور اب اسے صرف اس کی موجودہ جگہ سے کچھ فاصلے پر منتقل کیا جائے گا۔

یہ عمارت سائنسی تحقیق کے لیے دو بار نوبل انعام یافتہ سائنسدان مادام میری کیوری کے زیر استعمال رہی تھی، اور اس لحاظ سے تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کو منہدم کرنے کی منظوری پیرس کی میئر این ہیڈالگو نے دی تھی، اور ان کے اس فیصلے کو مورخین اور تاریخ کے شائقین  کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ سو سال قبل مادام کیوری کی ریڈی ایشن سے متعلق اولین اور تاریخ ساز تحقیق میں اس عمارت کا اہم کردار رہا ہے۔ اسی طرح کیوری میوزیم کے مطابق مادام کیوری وہاں ریڈیم کے کیپسولز بنانے کی تربیت بھی دیتی تھیں، جو پہلی عالمی جنگ کے دوران زخموں کی صفائی کی لیے استعمال ہوتے تھے۔

لیکن اب انسٹیٹیوٹ کیوری نامی ادارہ اس عمارت کی جگہ کینسر کی تحقیق کے لیے ایک سینٹر تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس انسٹیٹیوٹ کے سربراہ تیغی فلپ کا کہنا ہے کہ یہ عمارت مادام کیوری نے صرف ریڈیو ایکٹو ویسٹ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کی تھی۔

اس تناظر میں اسی ماہ رشیدہ دتی سے پہلے فرانسیسی وزیر ثقافت کے عہدے پر فائز رہنے والی ریما عبدالملک نے اس عمارت کو منہدم کرنے کے منصوبے پر پیش رفت روک دی تھی تا کہ اس اقدام کے ناقدین کے ساتھ کسی سمجھوتے پر پہنچا جا سکے۔

بدھ کو رشیدہ دتی نے ریڈیو چینل فرانس انٹر سے نے اس حوالے سے تازہ پیش رفت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت کو "منہدم نہیں کیا جائے گا" مگر "اس کی ایک، ایک اینٹ اٹھا کر اسے کچھ میٹر کے فاصلے پر منتقل کر دیا جائے گا"۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کی جگہ قائم ہونے والا سینٹر ایک نئے معاہدے کے تحت بنایا جائے گا۔

م ا/ ع ت (اے ایف پی)

 

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں