پیرس میں سیاح کا قتل، جرمنی میں تفتیش کا آغاز
4 دسمبر 2023
جرمن پراسیکیوٹرز نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ وہ پیرس میں ایک جرمن سیاح کے قتلکی تفتیش کا آغاز کر رہے ہیں۔
اس جرمن سیاح کو ہفتے کے روز فرانس کے دارالحکومت میں ایفل ٹاور کے قریب چھری کے وار سے قتل کر دیا گیا تھا۔ حکام کو شبہ ہے کہ یہ ایک دہشت گردانہ حملہ تھا۔
اس حوالے سے جرمن شہر کارلسوا میں فیڈرل جرمن پراسیکیوٹرز کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
فی الحال متعلقہ ملزم کے خلاف نہ صرف اس قتل بلکہ اس کے ایک بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم کا کارکن ہونے کے شبہے کی بنیاد پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
جرمنی کے علاوہ فرانس میں بھی اس کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پیرس حملہ
ہفتے کے روز پیش آنے والے واقعے میں حملہ آور نے ایک سیاح جوڑے پر جاقو سے وار کیا تھا، جس کے نتیجے میں ان میں سے تئیس سالہ نوجوان کی موت واقع ہوگئی تھی۔
فرانس کے وزیر داخلہ جیغالڈ ڈاغمانا کے مطابق اس حملہ آور نے اس قتل کے بعد پولیس سے بھاگنے کے دوران دو اور افراد پر بھی ایک ہتھوڑے سے حملے کی کوشش کی تھی۔
فرانسیسی حکام کے پاس اس واقعے میں ملوث ملزم کے بارے میں اس حملے سے پہلے بھی معلومات تھی۔ اس نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر چلنے والی ایک ویڈیو میں دہشت گرد تنظیم داعش سے وفاداری کا عہد کیا تھا۔
اس کی ذہنی بیماری کی تشخیص اور علاج کے حوالے سے بھی نگرانی کی جاتی رہی ہے۔
اس بارے میں فرانسیسی وزیر داخلہ نے آج ایک بیان میں کہا کہ یہ ملزم ایک ذہنی بیماری کا شکار ہے اور اس حوالے سے اس کی دیکھ بھال میں متعلقہ حکام کو "واضح ناکامی" ہوئی ہے۔
م ا/ ر ب (اے ایف پی، ڈی پی اے)