1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیرس: نپولین کی ٹوپی تقریباً بیس لاکھ ڈالر میں نیلام

20 نومبر 2023

فرانسیسی شہنشاہ نپولین بوناپارٹ کی ایک بائیکورن ٹوپی پیرس کے ایک نیلامی گھر میں ریکارڈ 19 لاکھ 32 ہزار یورو میں فروخت ہوئی۔ نیلام کرنے والے شخص کا کہنا ہے کہ نپولین کے پاس ایسی 120 ٹوپیاں تھیں۔

نپولین کی سیاہ ٹوپی
س سیاہ ٹوپی پر فرانسیسی پرچم کے رنگوں والا نیلا، سفید اور سرخ تمغہ بھی جسپاں ہے۔ اس سے پہلے یہ ٹوپی فرانسیسی تاجر ژاں لوئس نوزیز کی ملکیت تھی جن کا گزشتہ برس انتقال ہو گیا تھاتصویر: Christophe Ena/AP/picture alliance

فرانس کے شہنشاہ نپولین بوناپارٹ کا ایک ہیٹ اتوار کے روز پیرس میں ایک نیلامی میں ریکارڈ بیس لاکھ گیارہ ہزار ڈالر میں فروخت ہوا۔ یہ ایک سیاہ بائیکورن ہیٹ ہے۔

ڈروٹ نیلامی گھر میں فروخت ہونے والی اس ٹوپی کی، شروع  میں بس چھ سے آٹھ لاکھ یورو تک کی قیمت لگنے کی امید تھی۔ اس سیاہ ٹوپی پر فرانسیسی پرچم کے رنگوں والا نیلا، سفید اور سرخ تمغہ بھی جسپاں ہے۔ اس سے پہلے یہ ٹوپی فرانسیسی تاجر ژاں لوئس نوزیز کی ملکیت تھی جن کا گزشتہ برس انتقال ہو گیا تھا۔

پیرس کے جنوب میں فونٹین بلیو میں واقع نیلامی گھر نے اس ٹوپی کے خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

نیلامی گھر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آخری بار نپولین کی ایک اور ٹوپی سن 2014 میں جنوبی کوریا کے ایک تاجر نے 1,884,000 یورو میں خریدی تھی، اس طرح یہ پرانہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔

اس ہیٹ کی کیا اہمیت ہے؟

  نیلام کرنے والے ژاں پیئر اوسنٹ نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ ٹوپی نپولین کے لیے ایک ٹریڈ مارک حیثیت رکھتی تھی اور وہ اپنی زندگی میں ایسی 120 ٹوپیوں کے مالک تھے۔

نپولین ہیٹ کو اس طرح پہنتے تھے کہ اس کے کونے ہمیشہ ان کے کندھوں کے ساتھ مطابقت رکھتے تھے، جب کہ اس دور میں بیشتر لوگ اس کے کونے آگے اور پیچھے کی جانب رکھ کر پہنتے تھےتصویر: Mohamad Salaheldin Abdelg Alsayed/Anadolu/picture alliance

اوسنٹ نے روئٹرز سے بات چیت میں کہا، "یہ ٹوپی اس تصویر کا حصہ ہے، جو انہوں نے اپنے لیے تخلیق کی تھی۔"

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نپولین ہیٹ کو اس طرح پہنتے تھے کہ اس کے کونے ہمیشہ ان کے کندھوں کے ساتھ مطابقت رکھتے تھے، جب کہ اس دور میں بیشتر لوگ اس کے کونے آگے اور پیچھے کی جانب رکھ کر پہنتے تھے۔

نپولین کے ہیٹ اکثر نیلام ہوتے رہتے ہیں۔ اکتوبر 2021 میں ان کی دریافت ہونے والی ایک اور ٹوپی لندن کے بونہمس میں نیلام کی گئی تھی، جو ڈی این اے کے اس ثبوت کے ساتھ تھی کہ یہ ٹوپی نپولین کی ہی ہے۔

فرانسیسی انقلاب کے دوران نپولین ایک نمایاں شخصیت تھی۔ سن 1804 شہنشاہ کے طور پر خدمات سر انجام دینے سے پہلے، انہوں نے قونصل کی حیثیت سے بھی کام کیا اور شہنشاہیت کے قیام کے بعد یورپ کے بیشتر حصوں میں فوجوں کی قیادت کی۔

ان کی زندگی پر مبنی فلم ایک نئی فلم چند دنوں میں ہی سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے، جس میں اداکار جوکوئن فینکس نپولین کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

 ص ز/ ر ب (روئٹرز، اے ایف پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں