پی آئی اے کے جہاز میں بلی، پرواز روک دی گئی
22 دسمبر 2017نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹ کے مطابق یہ جہاز کراچی سے گوادر پرواز کرنے کے لیے جانے والا تھا۔ پائلٹ جب اِس ہوائی جہاز کو رن وے پر لے کر پہنچا تو اُس نے کنٹرول ٹاور کو خطرے کا سگنل دے دیا۔ پائلٹ نے ہوائی جہاز کو واپس موڑ دیا۔
اس سگنل کے بعد اور واپسی پر فائر بریگیڈز اور پولیس کی گاڑیوں نے جہاز کو اپنے حصار میں لے لیا۔ پاکستان کے ٹی وی چینل، جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی آئی سے کے ترجمان مشہود تاجور نے کہا،’’ یہ بات غیر معمولی نہیں ہے، جب جہاز کا پائلٹ’خطرے‘ کا سگنل دے تو ائیر پورٹ کی پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ کی گاڑیاں جہاز کو گھیرے میں لے لیتی ہیں۔
ڈی پی اے کی رپورٹ کے مطابق اس جہاز کے کاک پٹ میں ایک بلی کی موجودگی پر پائلٹ نے خطرے کا سگنل دیا تھا۔ جہاز کے عملے نے بلی کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ کیبن میں گھس گئی۔ کافی کوششوں کے بعد بالآخر بلی پکڑی گئی۔ مشہود تاجور کا کہنا ہے کہ،’’ ہم تحقیقات کر رہے ہیں کہ بلی جہاز میں کیسے پہنچی اور چھپ گئی۔