پی ایس ایل کی ’’باکس آفس‘‘پر کامیابی
15 فروری 2016کھڑکی توڑ رش
پانچوں دن کھچا کھچ بھرے رہنے والے شارجہ اسٹیڈیم میں بھی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں نے اپنی دھاک بٹھائے رکھی۔ شارجہ میں کھیلے گئے نو میچوں میں پی ایس ایل میں شریک کرکٹرز کی پھولوں کی طرح پزیرائی ہوئی۔ جمعہ 12 فروری کو کراچی اور لاہور کے میچ کے موقع پر شارجہ میں اسی اور نوے کی دہائی کے پاک بھارت میچوں جیسے مناظر دیکھنے کوملے۔ اس روز اسٹیڈیم میں تل دھرنے کو جگہ نہ تھی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ پورا شہر وہاں امڈ آیا ہو۔ اسٹیڈیم سے باہر ہزاروں لوگ شام تک ٹکٹ کے لیے مارے مارے پھرتے رہے، یہاں تک کہ انہیں منتشر کرنے کے لیے شارجہ پولیس کو اپنا آہنی ہاتھ دکھانا پڑا۔ شارجہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری مظہرخان کا جن کا تعلق بمبئی سے ہے، کہنا تھا کہ پی ایس ایل دلچسپی کے اعتبار سے آئی پی ایل کی ہمسر بن چکی ہے۔
پانچوں انگلیاں ایک سی نہیں ہوتیں
پی ایس ایل میں شریک پانچ ٹیموں کی ہر فرنچائز کے کھلاڑیوں کی خریداری کےلیے ایک اعشاریہ ایک ملین کا بجٹ مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم اب تک ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے برعکس لاہور اور کراچی کی ٹیمیں ہاتھ پاؤں مارتی نظر آ رہی ہیں۔ پشاور زلمی نے پیر 14 فروری کی شب کوئٹہ کو آٹھ وکٹوں سے ہرا کر پانچویں کامیابی حاصل کی اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ چکی ہے۔
پشاور کی کامیابی کا راز اس ٹیم میں شامل شان ٹیٹ، وہاب ریاض، محمد اصغر اور تمیم اقبال جیسے اسپیشلسٹ ہیں جبکہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کو اپنے نام نہاد آل راونڈر پر انحصار مہنگا پڑا ہے۔ کوئٹہ بھی پانچ کامیابیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اسلام آباد تین میچ جیت کر تیسری پوزیشن پر ہے۔ اب ٹورنامنٹ کی سب سے مہنگی فرنچائز کراچی کنگز کو اپنی بقا کے لیے دبئی میں پشاور کو ہرانے کے علاوہ لاہور کے کوئٹہ اور اسلام آباد سے ہارنے کی آس ہے۔
ایک اور عالمی ریکارڈ
پیر کی شام پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے گرانٹ ایلیٹ اور ذوالفقار بابر نے آخری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ دونوں نے اس وقت کھیلنا شروع کیا جب 66 کے مجموعی اسکور پر آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے ان کی ٹیم نو وکٹیں گنوا چکی تھی۔ پشاور کے کپتان شاہد آفریدی نے اپنے دو سویں ٹونٹی ٹونٹی میچ میں اپنے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے سات رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں۔
آفریدی نے یہ کارنامہ شارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران اس صحافی کے نام کر دیا جس نے کانفرنس کے دوران ان کی کیریئر بیسٹ باؤلنگ کا حوالہ دیا تھا۔ اس طرح آفریدی نے لاہور میں گز شتہ ماہ صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی تلافی کرنے کی کوشش کی۔
پی ایس ایل کی دریافت
کراچی کنگز کے کوچ مکی آرتھر نے نوجوان لیگ اسپنر اسامہ میر کو پی ایس ایل کی دریافت قرار دیا ہے۔ اسامہ میر کی خدمات کو کراچی نے پچیس ہزار ڈالرز میں خریدا تھا اور انہوں نے اب کیون پیٹرسن، احمد شہزاد جیسے بیٹسمینوں کو آؤٹ کر کے توجہ حاصل کی ہے۔ اسامہ کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔
اونچی دوکان پھیکے پکوان
پی ایس ایل میں اب تک سب سے مہنگے کرکٹرز کرس گیل، کیون پیٹرسن اور سنگاکارا جیسے کھلاڑی بری طرح ناکام رہے ہیں۔ کرس گیل لاہور کی طرف سے کھیل رہے ہیں اور وہ دو بار صفر پر آوٹ ہوئے۔ کوئٹہ کے سنگاکارا بھی پیر 14 فروری کو اپنے پی ایس ایل ڈیبیو پر صفر پر وہاب کے ہاتھوں بولڈ پوگئے۔ ایک اور آئیکون کھلاڑی اسلام آباد کی طرف سے کھیلنے والے شین واٹسن ان فٹ کو وطن واپس جا چکے ہیں۔ ان کے برعکس غیر معروف غیر ملکی کھلاڑیوں پشاور کے ڈیوڈ ملان اور لاہور قلندرز کے کیمرون ڈلپورٹ جیسے کرکٹرز نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
شارجہ میں للی اور میانداد کا چربہ
کرکٹ کی تاریخ کا سب سے مشہور چھکا جاوید میانداد نے تیس سال پہلے شارجہ میں لگایا تھا جس کے بعد سے شارجہ اور میانداد کا نام لازم وملزوم بن گیا۔ اتوار کی شب میانداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے احمد شہزاد نے پہلے وہاب کو چھکا لگایا اور پھر اگلی ہی گیند پر بولڈ ہو کر باؤلر سے بری طرح الجھ پڑے۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں احمد شہزاد نے وہاب ریاض کے برا بھلا کہنے پر ان پر بلا اٹھا لیا۔ اس طرح پرتھ میں انیس سو اکیاسی میں میانداد اور للی کی جھڑپ کی یاد تازہ ہوگئی۔ اس وقت میانداد نے احمد کی طرح للی پر بلا تان لیا تھا۔
شمالی وزیرستان کے لیے خوش خبری
چمپیئن شپ میں پشاور زلمی کے سب سے کامیاب پاکستانی بیٹسمین محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل، زلمی کے کرکٹرز اور مالکان کے لیے کرکٹ سے کہیں بڑھ کر ہے۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پشاور آرمی پبلک اسکول کے چالیس بچوں اور ان کے اساتذہ کو یو اے ای بلا کر میچ دکھائے۔ ان کے اس اقدام کو بہت سراہا گیا اب محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ زلمی مالکان علاقے کے لوگوں کی ہر ممکن مدد جاری کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔ اوپنر کے بقول دہشت گردی سے متاثر ہونے والے صوبے خیبر پختونخوا میں کرکٹ مقبولیت زور پکڑ رہی ہے۔ مجھے اس دن کا انتظار ہے جب پی ایس ایل پشاور میں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں ایک کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر پشاور زلمی کے منصوبوں میں شامل ہے۔
وزیر اعظم اور عمران خان کو دعوت
پی ایس ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے 23 فروری کو دبئی میں پی ایس ایل کے پہلے فائنل کے موقع پر پاکستانی وزیر اعظم میاں نواز شریف اور قائد حزب اختلاف عمران خان کو سیاسی اختلافات بھلا کر میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔ نجم سیٹھی نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے پاکستانی وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو ٹیگ کر کے لکھا ہے کہ لوگ ان کے والد کو پی ایس ایل فائنل میں دبئی میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی بیٹی بختاور بھٹو پی ایس ایل کے میچ دیکھنے اسٹیڈیم آچکی ہیں۔