1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

احتجاج ’ملکی ترقی سبوتاژ کرنے‘ کی کوشش ہے، شہباز شریف

8 اکتوبر 2024

پاکستانی وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کے ایک اجلاس کوبتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ جلد ہی دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ طے پا جائےگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی اقتصادی حالت مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف تصویر: Anjum Naveed/AP/picture alliance

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں حالیہ احتجاج کو ملکی اقتصادی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ شہباز شریف کی جانب سے آج آٹھ اکتوبر بروز منگل وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری کیے گئے سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ شنگھائی تعاون کی تنظیم  ایس سی او کے اجلاس سے قبل اسلام آباد میں پولیس کے ساتھ پی ٹی آئی کی جھڑپیں ''متعلقہ رہنے‘‘ کے لیے کی گئیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے چار اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا دینے کی کوششوں میں مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین جھٹر پیں ہوئیںتصویر: M. Asim/REUTERS

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسا اس لیے کیا جا رہا ہےکیونکہ، بقول شہباز شریف، ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ''یہ وہی اقدامات دوبارہ کر رہے ہیں کیونکہ آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے شروع کیا گیا ہے، مہنگائی کم ہوئی ہے اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ''ملکی ترقی کے پروگرام کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے۔‘‘

اس سے قبل وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر جلد ہی دستخط کر دیے جائیں گے۔  شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان معاہدوں پر دستخط رواں ماہ ایک سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون کی تنظیم (ایس سی او) کے اس اجلاس سے قبل  ہی سعودی عرب سے ایک وفد کی ملک میں آمد متوقع ہے، جس کی میزبانی پاکستان 15 سے 16 اکتوبر تک کر ے گا۔

پاکستان کو توقع ہے کہ سعودی عرب، یو اے ای اور چین جیسے دوست ممالک کے تعاون سے وہ اپنی معاشی مشکلات پر قابو پا لے گاتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں سعودی وفد نو  سے گیارہ اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرنے والا ہے۔ اس میں حکومتی اداروں اور نجی شعبے دونوں کے نمائندے شامل ہونے کی توقع ہے جو کہ پاکستانی سعودی اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی طرف اشارہ ہو گا۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے متعدد مثبت پیش رفتوں سے متعلق ایک  فہرست بھی پیش کی، جس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کے کامیابی سے حصول میں مدد فراہم کرنے کے لیے چین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی جانب سے مدد اور ضروری مالیاتی یقین دہانیوں کی بروقت تصدیق شامل تھی۔

اس موقع  پاکستانی وزیر اعظم  کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کی حالیہ پاکستان آمد ایک ''بہت کامیاب دورہ‘‘ تھی اور یہ کہ اب  ایک سعودی وفد بھی پاکستان کا دورہ کرنے والا ہے۔

ش ر⁄ م م (روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں