چار خواتین کا ریپ: برازیلین کوچ کو ایک سو نو سال قید کی سزا
5 اکتوبر 2022برازیل کی قومی جمناسٹک ٹیم کے ایک سابق کوچ کو ایک کم سن کھلاڑی سمیت چار خواتین ایتھلیٹس کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے جرم میں ایک صدی سے بھی زائد عرصے کی سزائے قید سنا دی گئی ہے۔ ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ساؤ پاؤلو شہر کے قریبی شہر ساؤ بیرنارڈو ڈو کیمپو میں ایک عدالت نے فیرنانڈو ڈے کاروالہو لوپیز کو 109 سال اور آٹھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ گلوبو اسپورٹ کے مطابق لوپیز کو چار ایتھلیٹس پر جنسی حملے کرنے کا مجرم پایا گیا، جن میں اس وقت صرف 13 برس کی عمر کی ایک نابالغ ایتھلیٹ بھی شامل تھیں۔ لوپیز کے جرائم کا شکار بننے والی دیگر جمناسٹ خواتین کھلاڑیوں کی عمروں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
لوپیز اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عدالت میں اپنا یہ موقف برقرار رکھا کہ وہ بے قصور ہیں۔ اگر انہوں نے اس عدالتی فیصلے کے خلاف کوئی اپیل دائر کی، تو اس اپیل پر حتمی فیصلے تک انہیں جیل کاٹنا ہی ہو گی۔ اس سابق جمناسٹک کوچ نے 20 سال تک نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ اور دیکھ بھال کی تھی۔ لوپیز کو ایک نوجوان ایتھلیٹ کے والدین کی طرف سے شکایت کے بعد 2016 ء میں ریو اولمپکس سے ایک ماہ قبل قومی جمناسٹک ٹیم کے کوچنگ سٹاف سے نکال دیا گیا تھا۔
اپریل 2019ء میں ان پر جمناسٹک سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصے لینے پر تاحیات پابندی بھی عائد کر دی گئی تھی۔ لوپیز کو کئی دیگر الزامات کا سامنا بھی ہے۔ چار سال قبل تقریباﹰ 40 کھلاڑیوں نے گلوبو ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ بھی اس سابق کوچ کے ہاتھوں نفسیاتی، جسمانی یا جنسی استحصال کا شکار ہوئے تھے۔ ان میں سے کچھ نے 1999ء اور 2016 ء کے درمیانی عرصے میں پیش آنے والے ایسے جرائم کے گواہان کے طور پر قانونی کارروائی میں حصہ بھی لیا تھا۔
جنسی زیادتی کا شکار کم عمر امریکی خواتین ایتھلیٹس مالی تصفیے پر متفق
اس کیس میں ایک امریکی سابق اسپورٹس ڈاکٹر لیری نصر کے معاملے کی بازگشت بھی سنائی دیی۔ نصر کو 2018 ءکے اوائل میں کم از کم 265 متاثرین پر جسمانی یا جنسی حملوں اور بدسلوکی کے الزامات میں طویل مدت کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔ نصر کے جرائم کا شکار بننے والوں میں سے زیادہ تر نابالغ کھلاڑی تھیں۔ برطانیہ، یونان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی ایتھلیٹس اپنےکوچوں کی جانب سے بدسلوکی کی شکایات کر چکے ہیں۔
ش ر ⁄ م م (اے ایف پی)