چار روزہ 14 ویں عالمی اردو کانفرنس کا آغاز
9 دسمبر 2021
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اردو کانفرنس ہمیشہ ساتھ چلتے ہیں ادب کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا انہوں نے کہا،'' شدت پسندی کے حوالے سے ملک میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے سب واقف ہیں ہم یہ سوچ کر دہل جاتے ہیں کہ ہم اپنے بچوں کے لیے کیا چھوڑ کر جارہے ہیں محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ شدت پسندوں سے بات چیت کرنے سے منع کیا آج کل جو ماحول پیدا ہوگیا ہے وہ بہت خطرناک ہے۔ انتہا پسندی اور تشدد کے خلاف جنگ لڑنا ہوگی۔‘‘ وزیر اعلی سندھ نے مزید کہا '' ہمیں دانشوروں کے ذریعے جنگ میں حصہ لینا ہوگا تمام ٹی وی چینلز پر پرائم ٹائم میں سیاسی لوگ ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ۔ ادیبوں اور دانشوروں کی بات صدیوں تک اثر رکھتی ہے ملک کے موجودہ حالات میں قلم کا ساتھ دینا ہوگا۔‘‘
ایڈمنسٹریٹر کراچی و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ زبان و تہذیب معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا،'' بدقسمتی سے ہم نے اس پر توجہ نہیں دی ہمیں اپنی زبان اور تہذیب کو اجاگر کرنا ہوگا پاکستان میں انگریزی بولنے کی کوششوں میں ہم تباہ ہوگئے۔ ہمیں نہ ادب نہ اردو اچھی آتی ہے اس طرح کی کانفرنس سے اردو اور ادب کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔‘‘ مرتضی وہاب نے کانفرنس میں حبیب جالب کی نظم بھی پڑھ کر سنائی۔
اُدھرآرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ نے اپنے استقبالیہ خطبے میں کہا کہ جب کسی قوم کی ثقافت ختم ہوجائے تو وہ معاشرہ مردہ ہوجاتا ہے۔ احمد شاہ کے بقول،'' ہم اپنی تہذیب کے بل غرض سفیر ہیں۔ مہینے بھر سے اس کانفرنس کی تیاریاں ہو رہی تھیں۔ ادب وثقافت اور تہذیب سے محبت کرنیوالوں کی یہ عید ہے تہذیب و ثقافت کے دشمنوں سے ادب کے ذریعے لڑنا ہے۔
اس شہر نے چودہ سالوں میں بہت برا وقت دیکھا مگر ہم نے یہ کام بند نہیں کیا لوگ چاہتے تھے کہ ہم اپنی تہذیب سے کٹ جائیں ہم سے کافی لوگ بچھڑ گئے اب بھی پورے پاکستان سے ادب کے ستارے کانفرنس میں شامل ہیں۔ کورونا وباء کے باعث گذشتہ سال کافی تعداد میں بڑے دانشوروں کا انتقال ہوا جو عالمی اردو کانفرنس کا حصہ ہوتے تھے، تاہم رواں سال عالمی اردو کانفرنس میں سرحدی اور کوویڈ پابندیوں کے باوجود دنیا بھر اور اندرون ملک سے 250 سے زائد دانشوروں، اسکالرز، ادیب اور شاعر شرکت کررہے ہیں جبکہ بھارت کے تمام بڑے شاعر اور ادیب ڈیجیٹل کانفرنس میں موجود رہیں گے۔‘‘
احمد شاہ نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،'' کانفرنس میں پاکستان کی علاقائی زبانوں سندھی، بلوچی، سرائیکی، پشتو اور پنجابی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پروگرام میں بیاد آصف فرخی کے علاوہ ممتاز شخصیات کے ساتھ سیشنز بھی منعقد ہونگے جن میں انور مقصود سمیت اردو ادب کی ممتاز شخصیات اور معروف صحافی شامل ہیں۔‘‘
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا کہ اردو برصغیر کی زبان ہے ہمیں ریاست نے نہیں بلکہ شاہ عبدالطیف نے بچایا اردو زبان کو بچانے کے لیے سب زبانوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔
عالمی اردو کانفرنس چار روز تک جاری رہے گی۔
رفعت سعید/ کراچی