1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چاڈ: جہادی حملے میں درجنوں فوجی ہلاک

6 اگست 2021

جہادیوں کے مبینہ حملے میں چاڈ کے شورش زدہ لیک چاڈ علاقے میں گشت پر مامور کم از کم 26 فوجی مارے گئے۔ بوکو حرام اور مغربی افریقی صوبے کی اسلامک اسٹیٹ نامی انتہا پسند گروپ اس علاقے میں سرگرم ہیں۔

Tschad N'Djamena | Proteste und Gewalt
تصویر: Sunday Alamba/AP/picture alliance

چاڈ کی فوج کے ترجمان جنرل اعظم برمانڈووا آگونا نے جمعرات کے روز بتایا کہ انتہاپسندوں کے حملے میں چاڈ آرمی کے چھبیس جوان ہلاک ہو گئے، چودہ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں آٹھ کی حالت نازک ہے جبکہ فوجی کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی مہم ابھی جاری ہے۔

فوجیوں پر یہ حملہ چوکو ٹیلیا کے لیک چاڈ جزیرے پر ہوا۔

حملے کے پیچھے کس گروپ کا ہاتھ ہو سکتا ہے؟

فوج نے اس حملے کے لیے بنیاد پرست اسلام پسند جماعت بوکو حرام کو مورد الزام ٹھہرایا ہے لیکن اس خطے میں اس کا ایک حریف گروپ اسلامک اسٹیٹ ویسٹ افریقہ پرووینس (آئی ایس ڈبلیو اے پی) بھی کافی سرگرم ہے۔

 لیک چاڈ کی سرحدیں چاڈ، نائجیریا اور کیمرون کے ساتھ ملتی ہیں۔

چاڈ کے صدر 'مسلح باغیوں کے ساتھ لڑائی میں‘ مارے گئے

بوکوحرام نے انتہا پسندانہ سرگرمیوں کا آغاز سن 2009 میں شمال مشرقی نائجیریا سے کیا تھا اور بڑے پیمانے پر طالبات کے اغوا کی وجہ سے سرخیوں میں آیا تھا۔ اس گروپ نے بعد میں اپنی سرگرمیوں کا دائرہ پڑوسی ملکوں تک وسیع کر دیا۔

چاڈ کے عبوری صدر محمد دیبی تصویر: Brahim Adji/Tchad Presidential Palace/AFP

آئی ایس ڈبلیو اے پی خطے میں اپنا غلبہ قائم کرنے کے لیے بوکوحرام سے لڑتی رہی ہے۔ بوکو حرام کے رہنما ابوبکر شیخو کی مئی میں موت کے بعد ایک ویڈیو جاری کیا گیا تھا جس میں دکھایا گیا تھا کہ بوکوحرام کے ممبران اپنی وفاداری تبدیل کرکے آئی ایس ڈبلیو اے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق بوکوحرام کی انتہاپسندی کے آغاز کے بعد سے گذشتہ بارہ برسو ں کے دوران تقریباً تیس ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔  اس لڑائی کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو بے گھر ہونا پڑا ہے۔

چاڈ کے سابق صدر ادریس دیبی اٹنونے اپریل 2020 میں تقریباً ایک سو فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بوکو حرام کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کا حکم دیا تھا۔ اس فوجی کارروائی کے دوران بوکو حرام کے لگ بھگ ایک ہزار جنگجو مارے گئے تھے۔

بوکوحرام کے حملوں میں چاڈ اور نائجیریا میں 150سے زائد فوجی ہلاک

اس برس اپریل میں حکومت مخالف جنگجووں کے ساتھ لڑتے ہوئے ادریس دیبی کی موت ہو گئی، جس کے بعد ان کے بیٹے محمد دیبی ملک کے عبوری صدر بن گئے۔

محمد دیبی نے جنگجووں کے حملے میں فوجیوں کی موت کے حالیہ واقعے کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

ج ا/  ص ز (روئٹرز،اے ایف پی)

بوکوحرام کے قبضے سے 82 لڑکیاں چھڑانا ایک بڑی کامیابی

01:11

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں