چينی وزير اعظم کا دورہ جرمنی
10 اکتوبر 2014
عالمی سطح پر اپنی برآمدات کے ليے مشہور ممالک چين اور جرمنی کے مابين رواں برس يعنی 2014ء کو منعقد کیے جا رہے يہ تيسرے اعلی سطحی مذاکرات ہيں۔ اس سلسلے ميں آج بروز جمعہ چينی وزير اعظم جرمن دارالحکومت برلن پہنچ رہے ہيں، جہاں وہ آج ہی جرمن چانسلر سے ملاقات کريں گے۔ اطلاعات ہيں کہ برلن آمد پر چانسلر انگيلا ميرکل مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ بذات خود وزير اعظم لی کيچانگ کا استقبال کريں گی۔
جرمنی اور چين کی حکومتوں کے مطابق دونوں ممالک کے وزراء کے تيسرے مشترکہ اجلاس اور معيشت کے حوالے سے ہونے والے باہمی مذاکرات ميں اسٹريٹيجک پارٹنرشپ کو مستحکم تر بناتے ہوئے پہلے سے مضبوط سرمايہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزيد فروغ دينے کی کوشش کی جائے گی۔ چينی وزير اعظم کے اس دورے کے دوران صحت، تعليم، ماحوليات اور ديگر کئی شعبوں ميں تعاون اور سرمايہ کاری کی مد ميں قريب تيس معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اندازوں کے مطابق ان معاہدوں کی ماليت قريب ڈھائی بلين ڈالر يا دو بلين يورو بنتی ہے۔ بعد ازاں جرمنی کے بارہ جبکہ چين کے چودہ وزراء موسمياتی تبديليوں اور زراعت کے شعبوں ميں بھی اضافی تعاون کے مواقع تلاش کريں گے۔
دنيا کی دوسری سب سے بڑی معيشت کا حامل ملک چين، يورپ کی سب سے مستحکم معيشت کے حامل ملک جرمنی کا يورپ سے باہر دوسرا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ گزشتہ برس يعنی 2013ء ميں جرمنی سے چين کو کی جانے والی برآمدات کی ماليت 67 بلين يورو جبکہ درآمدات 73 بلين يورو رہيں۔
چينی وزير اعظم کا يہ رواں برس دوسرا دورہ يورپ ہے۔ اس سے قبل چانسلر ميرکل نے جولائی ميں چين کا دورہ کيا تھا، جو مجموعی طور پر چين کا ان کا ساتواں دورہ تھا۔ چينی صدر شی جن پنگ نے بھی اسی سال مارچ ميں برلن کا دورہ کيا تھا۔
جرمنی کے دورے کے بعد لی کيچانگ روس کا دورہ کريں گے۔ امکان ہے کہ وہ ماسکو انتظاميہ کے ساتھ بھی متعدد کاروباری معاہدوں کو حتمی شکل ديں گے۔ روس کے بعد چينی وزير اعظم کی اگلی منزل يورپی ملک اٹلی ہو گی، جہاں وہ سولہ اور سترہ اکتوبر کو ايشيائی و يورپی ليڈران کے ايک اجلاس ميں شرکت کريں گے۔