چٹا گانگ ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم
10 دسمبر 2011دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اس پہلے میچ کے دوسرے دن یونس خان اور محمد حفیظ کی بلے بازی دیدنی رہی۔ یونس خان اپنے کیریئر کی انیسویں سنچری سے صرف چار رنز کی دوری پر یعنی چھیانوے کے اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ محمد حفیظ 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جب دوسرے دن پاکستان نے پہلے دن کے اسکور بغیر کسی نقصان کے 132 اسکور پر اننگز شروع کی تو حفیظ اور توفیق عمر نے عمدہ کھیل پیش کیا۔
پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی توفیق عمر تھے، جو 61 کے انفرادی اسکور پر محمد اللہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ بعد ازاں اظہر علی نے حفیظ کا ساتھ دینا شروع کیا لیکن وہ بھی طویل اننگز کھیلنے سے قاصر رہے اور چھبیس کے اسکور پر شہادت حسین کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اسی دوران محمد حفیظ بھی اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری بنا کر الیاس سنی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کپتان مصباح الحق کے بیس کے انفرادی اسکور پر جلد ہی آؤٹ ہو جانے کے بعد یونس خان اور اسد شفیق نے انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے دن کے اختتام تک اسد شفیق چالیس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔
بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے مجموعی اسکور 135 کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے 415 رنز بنا لیے ہیں اور اسے اس طرح 280 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق بظاہر یہ میچ بنگلہ دیش کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے اور اب وہ اس میچ کو جیتنے یا برابر کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔ اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن انتہائی غیر معیاری بلے بازی کا مظاہرہ کرنے کے بعد بنگلہ دیش کے بولروں نے دوسرے دن غیر متاثر کن بولنگ کی۔
اس ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان نے مہمان ٹیم کوتین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا تھا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عدنان اسحاق