1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ بھی سیمی فائنل میں

11 اپریل 2013

بدھ کے روز جرمن فٹ بال کلب ڈورٹمنڈ نے یورپی فٹ بال کلبوں کے ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ جمعرات کی رات بائرن میونخ کی ٹیم بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

گزشتہ ہفتے جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا جیتنے والے ریکارڈ ساز کلب بائرن میونخ نے جمعرات کی شام اٹلی کے شہر ٹورین (Turin) میں کھیلے گئے ایک میچ میں ژُوینٹُوس (Juventus) کو دو گول سے شکست دے کر چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ تقریباً آٹھ ایام کے دوران معروف اطالوی کلب کو جرمن کلب کے ہاتھوں دوسری بار شکست کا سامنا رہا۔

ژُوینٹُوس اسٹیڈیم میں بائرن میونخ کے حامی شائقینتصویر: Reuters

اس طرح یورپ کے اہم فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کا اسٹیج سیٹ ہو گیا ہے۔ بدھ کی رات کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچوں کے دوسرے مرحلے میں اپنے اپنے میچ جیت کر ریال میڈرڈ اور ڈورٹمنڈ نے کوالیفائی کیا تھا۔ جمعرات کی شام بقیہ دو کوارٹر فائنل کھیلے گئے اور ان میں بائرن میونخ اور بارسلونا کو جیت حاصل ہوئی۔

اطالوی شہر ٹورین میں واقع ژُوینٹُوس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ پر بائرن میونخ نے ابتدا ہی سے اپنا کنٹرول رکھا۔ میچ  پر بائرن کا کنٹرول چھپن فیصد تھا اور اس نے ژُوینٹُوس کے گول پر کُل سترہ حملے کیے، جن میں سے دو کامیاب رہے۔

اطالوی اور جرمن کلب کے درمیان کوارٹر فائنل میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں باستیان شوائنسٹائیگر کے شاندار لہراتے پاس پر کروشیا سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی ماریو مانزُوکِچ (Mario Mandzukic) نے سر (Head) کا استعمال کرتے ہوئے گول کر دیا۔ میچ کے مقررہ وقت تک میونخ کو ایک ہی گول کی برتری حاصل تھی مگر انجری ٹائم کے دوران لاطینی امریکی ملک پیرو سے تعلق رکھنے والے کلاؤڈیو پیسارو (Claudio Pizarro) نے گول کر کے جرمن کلب کی فتح کو  یقینی بنا دیا۔

ماریو مانزُوکِچ سر کے استعمال سے گول کرتے ہوئےتصویر: Reuters

بائرن میونخ کی ٹیم گزشتہ تین سالوں میں دو مرتبہ چیمپئنز لیگ کا فائنل کھیل چکی ہے۔ گزشتہ سال پنالٹی ککس پر وہ چیلسی سے ہار گئی تھی۔ دوسری جانب اطالوی کلب ژُوینٹُوس کو کوارٹر فائنل مرحلے پر پانچ مرتبہ جرمنوں کلبوں کا سامنا رہا اور وہ انہیں ہراتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہا لیکن رواں برس بائرن میونخ کو وہ شکست دینے سے قاصر رہا۔

 دوسرے کوارٹر فائنل میچ ہسپانوی کلب بارسلونا اور فرانسیسی فٹ بال کلب پاریسا جرماں (Paris St Germain) کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا لیکن ٹورنامنٹ کے ضوابط کے تحت بارسلونا کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ بارسلونا اور پاریسا جرماں کا فرانس میں کھیلا گیا میچ بھی دو دو گول سے برابر رہا تھا۔ چیمپئنز لیگ کے ضوابط کے تحت اگر دونوں مرحلے برابر رہیں تو جس ٹیم نے مخالف ٹیم کے ہوم گراؤنڈ میں زیادہ گول کیے ہوں وہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہے۔

(ah/ai(dpa

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں