چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ پری کوارٹر فائنل میں
21 نومبر 2012چیمپئنز لیگ کا اگلا راؤنڈ پری کوارٹر فائنل مرحلہ ہے اور اس میں کل بتیس میں سے سولہ ٹیمیں شریک ہوں گی۔ بتیس ٹیمیں اس وقت گروپ اسٹیج پر مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ منگل کی شام کھیلے جانے والے میچوں کے بعد جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کی پوزیشن محفوظ ہو گئی ہے اور وہ پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گیا ہے۔ جرمن کلب نے منگل کے روز ہسپانوی کلب ویلنسیا کے ساتھ میچ ایک ایک گول کے ساتھ برابر کھیلا۔ ویلنسیا بھی اگلے مرحلے میں پہنچنے والی ٹیم ہے۔
منگل کے روز جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ اور ہسپانوی فٹ بال کلب ویلنسیا کے علاوہ دو اور ٹیمیں بھی اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر گئی ہیں۔ ان میں ایک اور ہسپانوی کلب بارسلونا اور یوکرائن کا مشہور فٹ بال کلب شاختار ڈونیسک ہے۔ اس سے قبل مانچیسٹر یونائٹڈ، پورٹو اور مالاگا (Málaga) کے کلب بھی پری کوارٹر فائنل اسٹیج میں پہنچ چکے ہیں۔ اس طرح کم از کم سات کلب یقینی طور پر چیمپئنز لیگ کے ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ چیمپئنز لیگ کا پری کوارٹر فائنل مرحلہ بارہ فروری سے شروع ہو گا۔ اس مرحلے کے لیے میچوں کے شیڈیول کا اعلان بیس دسمبر کو ہو گا۔
دفاعی چیمپئن چیلسی کو ٹورنامنٹ سے اخراج کا سامنا ہے۔ گروپ لیول میں گزشتہ روز برطانوی کلب چیلسی کو اطالوی کلب ژُووینٹُوس (Juventus) سے میچ ہارنا پڑا تھا۔ اطالوی کلب ژُووینٹُوس اگر شاختار ڈونیسک کے خلاف اپنا اگلا میچ برابری پر بھی ختم کر لیتا ہے تو وہ گروپ ای سے کوالیفائی کر لے گا۔ جیت کی صورت میں بھی چیلسی کی ٹیم باہر ہو جائے گی۔ ژُووینٹُوس کی شکست ہی چیلسی کے لیے کامیابی کی ضامن ہو سکتی ہے۔ چیلسی کو ڈنمارک کے فٹ بال کلب نارشے لین (Nordsjælland) کا سامنا ہے۔ چیلسی کو یہ میچ ہر صورت پر جیتنا ہو گا بصورت دیگر وہ ٹورنامنٹ سے خارج ہو سکتی ہے۔ گروپ ای سے شاختار ڈونیسک پہلے ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔
چیمپئنز لیگ کے منگل کے روز میچ گروپ ای سے گروپ ایچ تک کھیلے گئے۔ آج بدھ کے روز گروپ اے سے گروپ ڈی کی سولہ ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔ اس کا قوی امکان ہے کہ دو اور جرمن کلب ڈورٹمنڈ اور شالکے بھی بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے پری کوارٹر مرحلے میں داخل ہونے کا اعزاز حاصل کر لیں گے۔ شالکے کی ٹیم گروپ بی کی ٹیم لیڈر ہے اور اس کے آٹھ پوائنٹس ہیں۔ اسی طرح ڈورٹمنڈ کی ٹیم گروپ ڈی میں ہے۔ گروپ ڈی میں بدھ کے روز ڈورٹمنڈ کی ٹیم اژاکس اور رئیل میڈرڈ کا کلب برطانوی کلب مانچیسٹر سٹی کے خلاف میچ کھیلیں گے۔
منگل کی شام بارسلونا نے اسپارٹک ماسکووا کلب کو تین صفر سے ہرایا۔ یوکرائن کی ٹیم شاختار ڈونیسک نے ڈنمارک کے فٹ بال کلب نارشے لین (Nordsjælland) کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔ چیمپئنز لیگ کے جاری ٹورنامنٹ میں سے چار ٹیمیں یقینی طور پر خارج ہو چکی ہیں۔ ان میں فرانسیسی کلب لیل (Lille)، ڈنمارک کا فٹ بال کلب نارشے لین (Nordsjælland)، پرتگالی کلب براگا (Baraga) اور روسی کلب اسپارٹک ماسکووا شامل ہیں۔
(ah / ia (AFP, Reuters