1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ کوارٹر فائنلز میں

14 مارچ 2012

جرمن کلب بائرن میونخ سوئٹزرلینڈ کے کلب بازل کو روندتے ہوئے چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنلز میں پہنچ گیا ہے۔ سیکنڈ لیگ کے مقابلے میں جرمن کلب نے ہوم گراؤنڈ پر مہمان ٹیم کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے مات دی ہے۔

تصویر: dapd

منگل کو میونخ میں کھیلے گئے اس میچ میں بائرن کے ماریو گومیز نے چار گول کر کے چیمپئنز لیگ کے ریکارڈ توڑنے میں اپنے کلب کی مدد کی۔

فرسٹ لیگ میں بازل نے میونخ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا تھا۔ اس تناظر میں منگل کی جیت کو بائرن کا ’خوبصورت بدلہ‘ بھی کہا جا رہا ہے۔ دونوں میچ مکمل ہونے سے نیتجہ سات ایک ہو گیا ہے۔

اس کامیابی سے بائرن کے کھلاڑیوں کو امید ہے کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ آلیانز ایرنا اسٹیڈیم میں اس ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل سکیں گے۔

چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں ناک آؤٹ مرحلے میں کبھی کسی ٹیم نے اتنے فرق (سات صفر) سے کامیابی حاصل نہیں کی۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ بائرن کی بھی سب سے بڑی جیت ہے جبکہ بازل کی سب سے بڑی ہار۔

بازل اس مرحلے پر مانچسٹر یونائیٹڈ کے پیچھے رہ جانے کی وجہ سے پہنچ پایا تھا۔ یہ کلب کوارٹر فائنلز تک رسائی میں کامیاب رہتا تو گزشتہ 33 برس میں کسی سوئس ٹیم کے لیے یہ پہلا موقع ہوتا۔ تاہم ان کا یہ خواب منگل کے میچ میں ہاف ٹائم پر ہی چکنا چُور ہو گیا تھا۔

بائرن کے لیے اسے سب سے بڑی فتح قرار دیا جا رہا ہےتصویر: Reuters

اس وقت تک بائرن کے آرین روبن، تھوماس مؤلر اور ماریو گومیز نے اسکور تین صفر کر دیا تھا۔ سیکنڈ ہاف کے پہلے اٹھارہ منٹ میں ہی گومیز نے تین مزید گول کر دیے۔

یوں گومیز بارسلونا کے کھلاڑی لیونل میسی کے اس ریکارڈ سے محض ایک گول پیچھے رہ گئے، جو انہوں نے گزشتہ ہفتے لیورکوزن کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بنایا تھا۔ بازل کے خلاف میچ کا آخری گول کھیل ختم ہونے سے نو منٹ پہلے روبن نے کیا۔

ویک اینڈ پر جرمن چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے سلسلے میں ہوفن ہائیم کے خلاف کھیلے گئے میچ بھی گومیز نے ہیٹ ٹرک کی تھی۔ بائرن نے ہوفن ہائیم کو اس میچ میں سات ایک سے پچھاڑا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں