چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ کو شکست
23 فروری 2012سوئٹزر لینڈ کے قدرے کم شہرت کے حامل کلب بازل نے جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ کو ایک گول سے شکست دے کر اپنے اپ سیٹ کے سلسلے کو جاری رکھا ہوا ہے۔ بازل کلب کی جانب سے متبادل کھلاڑی ویلنٹین سٹاکر (Valentin Stocker) نے میچ کے 86 ویں منٹ میں ایک زور دار کک لگائی جو گول کیپر مانوئیل نوئیر(Manuel Neuer) کی ٹانگوں سے گزرتی گول پوسٹ میں داخل ہو گئی۔ میچ کے بقیہ وقت میں بازل ٹیم نے اس ایک گول کا کامیابی سے دفاع کیا۔ نوئیر جرمنی کی قومی ٹیم کے گول کیپر بھی ہیں۔
سوئٹزر لینڈ کے دوسرے بڑے شہر بازل کے جیکب پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان کلب نے مہمان ٹیم کے مقابلے میں زیادہ زور دار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میزبان کلب کے گول کیپر یان زومر (Yann Sommer) نے دو مرتبہ بائرن کے جارحانہ کھلاڑیوں کے یقینی گول روکے۔ بائرن میونخ اور بازل کے درمیان پہلے ہاف کے کھیل میں گرمجوشی کا فقدان تھا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی موقع کی تلاش میں تھے۔ دوسرے ہاف کے دوران کھیل میں تیزی رہی اور ایک دوسرے کے گول پر حملے بھی کیے گئے۔
چیمپیئنز لیگ میں ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ نے روس کےماسکوا کلب کے ساتھ اپنا میچ ایک ایک گول کے ساتھ برابری پر ختم کیا۔ برطانوی کلب چیلسی کو اٹلی کے ناپولی نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ فرانسیسی فٹ بال کلب مارسے نے اٹلی کے شہر میلان کے کلب انٹرنیشنل کو ایک گول سے ہرایا۔
چیمپیئنز لیگ کے پری کوارٹر فائنل میچوں کے پہلے مرحلے کے ایک اور میچ میں جرمن کلب لیورکوزن کو بارسلونا سے شکست کا سامنا رہا۔ یہ میچ گزشتہ ہفتے، چودہ فروری کو کھلا گیا تھا۔ جرمن کلب نے ایک گول کیا اور جواباً ہسپانوی کلب کی جانب سے تین گول کیے گئے۔
پری کوارٹر فائنل میچوں کے مرحلے کا دوسرا راؤنڈ اگلے مہینے کی چھ تاریخ سے شروع ہو کر چودہ مارچ کو مکمل ہو جائے گا۔ کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز مارچ کے آخری ہفتے میں ہو گا۔ سیمی فائنل میچ اپریل میں طے ہیں۔ چیمپیئنز لیگ کا فائنل میچ انیس مئی کو کھیلا جائے گا۔ فائنل کے علاوہ دیگر تمام میچ دو راؤنڈز میں مکمل کیے جاتے ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل