چیمپئنز لیگ: جرمن کلب کو حیران کن شکست کا سامنا
22 اگست 2012جرمن فٹ بال کلب موئنشن گلاڈباخ کی پہلی بار چیمپئنز لیگ میں شرکت کی خواہش کو منگل کی شام خاصا دھچکا اُس وقت پہنچا جب یوکرائن کے فٹ بال کلب ڈائنمو کییف (Dynamo Kiev) نے اُسے اس کے ہی ہوم گراؤنڈ میں شکست سے دوچار کر دیا۔ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان موجودہ کوالیفائنگ میچ کا پہلا مرحلہ تھا۔ اب اگلے مرحلے میں جرمن کلب کو یوکرائن جا کر ڈائنمو کییف کے ہوم گراؤنڈ میں کھیلنا ہو گا۔ کییف میں جرمن کلب کی جیت کا مارجِن یقینی طور پر چار گول کا ہونا ضروری ہے۔ میچ کے برابر رہنے یا گول اوسط برابر رہنے کی صورت میں بھی ڈائنموکییف چیمپئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔
اکیس اگست کو کھیلے گئے میچ میں موئنشن گلاڈ باخ کو اسی نام کے اسٹیڈیم میں شکست کا سامنا رہا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے میدان میں 54 ہزار تماشائی موجود تھے۔ ہاف ٹائم پر میچ میں موئنشن گلاڈ باخ کی ٹیم ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہار رہی تھی۔ جرمن کلب کی جانب سے پہلے ہاف میں گول الیگزینڈر رنگ (Alexander Ring) نے کیا۔ اس گول کو ڈائنمو کییف نے بعد میں برابر کرنے کے علاوہ دو گول مزید بھی کیے۔ جرمن فٹ بال کلب کا دفاع اور مڈ فیلڈ میچ کے دوران ہم آہنگی پیدا کرنے سے قاصر تھا۔
سن 1977 کے بعد سے موئنشن گلاڈ باخ کو یورپ کے فٹ بال کلبوں کے سب سے اہم ٹورنامنٹ میں شرکت کا موقع نہیں ملا ہے۔ سن1977 میں یہ ٹورنامنٹ یورپی کپ کہلاتا تھا اور موئنشن گلاڈ باخ کو فائنل میچ میں شکست ہوئی تھی۔ چودہ سال بعد اس یورپی کپ کو نئی جدت دینے کے لیے چیمپئنز لیگ کا نام دے دیا گیا ہے۔ اس نام سے یہ ٹورنامنٹ سن 1992 سے جاری ہے۔ اس طرح رواں برس چیمپئنز لیگ کا اکیسواں سیزن ہو گا۔ اگلے ماہ سے شروع ہونے والی چیمپئنز لیگ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 25 مئی سن 2013 کو انگلینڈ کے شہر لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ برطانوی فٹ بال کلب چیلسی اس وقت چیمپئنز لیگ کی دفاعی چیمپئن ہے۔
چیمپئنز لیگ کے لیے کوالیفائنگ مرحلے میں سوئٹزرلینڈ کے کلب بازل کو بھی شکست کا سامنا رہا۔ بازل کی ٹیم کو رومانیہ کے فٹ بال کلب کلوژ (CFR Cluj) نے ہرایا۔ اس میچ میں سوئس ٹیم صرف ایک گول کر سکی اور رومانیہ کے فٹ بال کلب نے دو گول کیے۔ ایک اور میچ میں سویڈن کے فٹ بال کلب ہیلسِنگ بورگ (Helsingborg) کو اسکاٹ لینڈ کے کلب کیلٹک (Celtic) نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ کوپن ہیگن کی ٹیم کو فرانسیسی شہر للِ (Lille) کے خلاف ایک گول سے کامیابی حاصل ہوئی۔ ترک شہر استنبول کے کلب فینیر باچے (Fenerbahce) کو اسپارٹک ماسکو کی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔
ah/ai(Reuters)